آج جمعے کی نماز کے بعد مسجد سے باہر نکلنے میں ہی دس منٹ لگ گئے۔ مسجد کے باہر ٹھیلے والوں نے اور بھکاریوں نے راستہ بند کررکھا تھا اور جو لوگ گاڑیاں موٹرسائیکلیں نکال رہے تھے اس سے صورتحال اور خراب ہوگئی۔ ایک بیچارہ معصوم بچہ اتنا بڑا فل سائز ٹھیلا لئیے گھسا آرہا تھا اس کے ٹھیلے پر چند کیلے پڑے ہوئے تھے۔ میں نے اندازہ لگایا کہ باقی مال وہ کسی اور مسجد کے آگے بیچ آیا ہے۔ اب ایک طرف یہ بچہ ہے اور دوسری طرف ہٹے کٹے فقیر اور فقیرنیاں۔ ایک غریب اپنے بچپن کی خوشیاں قربان کر کے اپنا اور اپنے گھر والوں کا پیٹ بھر رہا ہے اور دوسرے غریب بھیک مانگ کر۔
آج گھر پر افطار میں خصوصی اہتمام تھا۔ میری ایک خالہ اپنے بچوں سمیت آئی ہوئی تھیں۔ سموسے، پکوڑے، جلیبی، امرتی، شاہی ٹکڑے، کچالو، شامی کباب، مشروب مشرق روح افزاء، آلو چھولے کی چاٹ غرض بدہضمی کرنے کے تمام عناصر یکجا کردئیے گئے تھے اور روزے داروں نے دن بھر کے اپنے صبر کا بدلہ اب اپنے معدوں سے لینا تھا۔ ویسے روزے سے پہلے انسان سوچتا ہے افطار کے بعد یہ کھاؤں گا وہ کھاؤں گا مگر جب روزہ کھل جاتا ہے تو کچھ کھایا نہیں جاتا۔ جب تک میری بہن کی شادی نہیں ہوئی تھی تو وہ اکلوتی ہونے کی وجہ سے خوب لاڈ اٹھواتی تھی۔ تب ہمارے گھر میں افطاری میں روز سب سے اچھے ڈیزائن کے سموسے، پکوڑوں، تلی ہوئی ہری مرچوں، اور سب سے ڈیلیشیئس نظر آنے والی فنگر فش پر خوب پھڈا ہوتا تھا۔ میرے والدین ہمیشہ نورالعین کا سائیڈ لیتے تھے اور ہمیں بہن کی بات ماننے کی ہدایت کی جاتی تھی۔ تب افطار میں بڑا مزہ آتا تھا۔ سب گھر والے ساتھ بیٹھ کر روزہ کھولتے تھے۔ اب کامران اور ابو تو افطار کے وقت گھر پر نہیں ہوتے عازب بھی باہر اپنے دوستوں کے ساتھ افطار پارٹیز کر رہا ہوتا ہے۔ نہ کوئی اچھے ڈیزائن کے سموسوں پر جھگڑتا ہے اور نہ کوئی دہی بھلوں میں نقص نکالتا ہے۔ اکثر ایسے سموسے جن کے ملکیتی حقوق پر پہلے مقدمات چلتے تھے اب وہ سموسے ماسی کے لئیے بچ جاتے ہیں۔
آج دکانداری کم رہی، چھٹی والے روز دن میں دکانداری زیادہ ہوتی ہے اور رات میں کم۔ آج غلام فرید نے شعر سنایا، اقبال کے چاہنے والوں سے معذرت کے ساتھ میں نے اس میں کچھ ترمیم کرنے کی گستاخی کی ہے۔
کافر ہے تو شمشیر پر کرتا ہے بھروسہ
مومن ہے تو بے تیغ بھی لڑتا ہے سپاہی
اور پھر بہت پٹتا ہے سپاہی
آج میں یہ سوچ رہا تھا کہ ہمارے پاکستانی دکاندار اپنی دکانوں پر بہت زیادہ آیات اور دعائیں وغیرہ کیوں لکھواتے ہیں۔ دکان سے لیکر رکشے تک ایسی بہت ساری دکانیں میں نے نوٹ کیں جن کے باہر بورڈز پر مختلف آیات قرآنی درج تھیں۔
یااللہ یا محمد
اور اللہ بہتر رزق دینے والا ہے
اور وہ جسے چاہے بے حساب رزق دیتا ہے
ماشاءاللہ
الصلوتہ والسلام علیک یا رسول اللہ
دیواروں پر لگے پوسٹر اور اشتہارت بھی بہت مذہبی ہوتے ہیں۔ جیسے جشن آمد رسول، محفل نعت خوانی، درس قرآن، شفاءمنجانب اللہ، فلاں فلاں جماعت کا تبلیغی اجتماع، اور الحداللہ کسی نئی دکان کا عظیم الشان افتتاح۔ میں کبھی پاکستان سے باہر کہیں نہیں گیا مگر مجھے ایسا لگتا ہے کہ شاید دوسرے ملکوں میں یہ دوغلا پن کم ہوگا۔ دکھاوا الگ اور کام غلط۔ یا ہوسکتا ہے ہم واقعی بہت اچھے اور نیک مذہبی قوم ہوں۔ فرض کریں اگر کوئی طالبعلم کسی دوسرے ملک میں رہ کر اردو اور عربی پڑھنا سیکھے اور وہ پاکستان آئے تو ایک اسٹوڈنٹ کے طور پر وہ ہمارے اشتہاری بورڈز پڑھے گا اور یہ سمجھے گا کہ ہم تو بہت ہی اچھے اور نیک لوگ ہیں جو ہر وقت خوف خدا سے تھر تھر کانپتے رہتے ہیں۔ مگر جب اسے ہماری اصلیت کا پتہ چلے گا تو وہ ہمارے دوغلے پن پر کتنا مایوس ہوگا؟
جس رکشے والے کے ساتھ میں روز آتا ہوں اب اس سے جان چھڑانا پڑے گی۔ ایک تو اس کے رکشے میں بریک نہیں ہیں دوسرے وہ بند سگنل میں بھی رکشہ گھسا دیتا ہے۔ آج رات سڑکوں پر عید قریب ہونے کی وجہ سے رش تھا۔ اور اس رش میں اس نے بند سگنل میں تیزی سے رکشہ آگے بڑھادیا اور ایک ٹینکر سے بال بال بچتا ہوا فٹ پاتھ سے جا ٹکرایا۔ میں نے تصور کی آنکھ سے خود کو زخمی دیکھا اور اگلے دن کے قومی اخبار کی سرخی تصور کی، نوجوان دودھ فروش اور رکشہ ڈرائیور ٹینکر کی زد میں آکر زخمی ہوگئے اور ٹینکر والا جائے واردات سے فرار ہوگیا۔ کل سے دوسرے رکشے میں آؤنگا۔ ویسے بھی یہ رکشے والا بہت گندہ ہے اور اسکا رکشہ بھی ٹوٹا پھوٹا ہے اس کی حالت دیکھ دیکھ کر مجھے خار آتا ہے۔
آپ کي روزمرّہ کي ڈائري پڑةکر ہميں اپنا بچپن ياد آرہا ہے اور حيراني ہے کہ اتنے سال گزرنے کے باوجود موسم ويسے ہي ہيں۔
ہم بھي سکول کے دنوں ميں چھٹي والے دن دودہ چاۓ والے ثنا شاہ کے ہوٹل پر صرف اخبار پڑھنے جايا کرتے تھے۔
یار یہ جو ٓپ نے اتنا مشکل ڈیلیشس لکھا ہے اسے اردو میں مزیدار نہیں لکھ سکتے تھے
قدیر یہ ایک ٹیکنیک ہے جس سے زبان میں چٹخارہ پیدا کیا جاتا ہے۔ تم نوٹ کرو گے کہ میں ایسے انگریزی الفاظ اکثر استعمال کروں گا۔ کبھی وہ اچھے لگیں گیں گے کبھی نہیں۔ یہ بتاؤ ڈیلیشئیس زیادہ اچھا ہے یا مزیدار؟
یہ ایک آزمائشی تبصرہ ہے جو کہ اردو ویب پیڈ کی تبصرہ جات کے فارم میں تبصرے کے قطعے پر انٹگریشن جانچنے کے لئے شامل کیا گیا ہے۔
This is an experimental comment added to check the integration of Urdu webpad on Comment feild in Comments form.