سمجھدار نادیہ

نادیہ خان شوجیو ٹی وی پر نادیہ خان شو میری امی کا سب سے پسندیدہ ٹی وی پروگرام ہے۔ میں عموما ٹی وی پروگراموں پر کڑی نقطہ چینی کرتا ہوں۔ مگر نادیہ خان شو اتنا بہترین ہے کہ تنقید کی گنجائش بہت کم ہے۔ یہ ایک صبح کا شو ہے اور خاص طور پر اس کی ٹارگٹ آڈینس خواتین ہیں۔ مگر شو کا اسکوپ اور اس کا فارمیٹ اتنا دلچسپ ہے کہ مرد بھی اسے دیکھ کر بور نہیں ہونگے۔ اور پھر نادیہ کی جاندار میزبانی۔

نادیہ بے تکان مگر بہت اچھا بولتی ہے۔ گرچہ بظاہر وہ ایک کھلنڈری سی شرارتی لڑکی معلوم ہوتی ہے۔ مگر جب آپ اس کی بات سنتے ہیں تو آپ کو احساس ہوتا ہے کہ یہ لڑکی ذہین اور سمجھدار بھی ہے۔ اسے بات کرنے کا ڈھنگ آتا ہے اور اپنی بات کو دلچسپ اور پرمزاح بنانا بھی آتا ہے۔ خصوصا پروگرام کا انٹرویو والا حصہ خالصتا نادیہ کی ذہانت کا مرہون منت ہے۔ وہ اپنے مہمانوں سے وہ سوال پوچھتی ہے جو اس کی آڈینس پوچھنا چاہتے ہیں۔ اور جب براہ راست ٹیلی فون کال کرکے ناظرین بھی سوال کرتے ہیں تو نادیہ ان کے سوالوں میں مزید سوال شامل کرتی جاتی ہے اور انٹرویو ایک مزے کی گفتگو میں ڈھل جاتا ہے جسے سب انجوائے کرتے ہیں۔

چونکہ اکثر گھروں میں اس وقت خواتین بچوں اور شوہروں کو اسکول و کام پر روانہ کرکے فارغ ہوتی ہیں۔ تو ان کے لئے کھانا پکانے کی ترکیبیں بھی شامل ہیں۔ یہ ترکیبیں ایسی نہیں کہ ان کے لئے کچھ ایکسوٹک لوازمات درکار ہوں، بلکہ سیدھے سادھے دیسی کھانے ہوتے ہیں اور پروگرام کے اس حصے میں جو ایکسپرٹ آتی ہیں وہ بھارتی ہیں۔ لہذا دوسرے علاقوں کے کھانے مثال کے طور پر دالیں یا کڑی ہی کو لیں تو دنیا کے ہر علاقے کی الگ ترکیب ہے۔ اس سے خواتین کا یہ مسئلہ کہ آج کیا پکایا جائے کافی حد تک حل ہوجاتا ہے۔ اور بھارتی ترکیبیں ہونے کی وجہ سے کھانوں کے ذائقے اتنے بھی بدیسی معلوم نہیں ہوتے اور اجزائے ترکیبی بھی آسانی سے دستیاب ہوتے ہیں۔

آسان ورزشیں بھی بتائی جاتی ہیں جنہیں بغیر کسی سامان کے گھر پر کیا جاسکتا ہے۔ ورزش کے ساتھ ڈیزائنر ڈائیٹ نامی ایک سیگمنٹ بھی ہے۔ جس میں لوگوں کو غذائیت پلان کرنے کے بارے میں بتایا جاتا ہے۔ جو بہت اچھا ہے کیونکہ دیکھا گیا ہے کہ عموما ہمارے یہاں لوگ اور بالخصوص خواتین بے وقت، اور الٹا سیدھا کھانے سے مختلف بیماریوں کا شکار ہوجاتی ہیں۔ ڈائیٹ پلان کی تو ہر کسی کو ضرورت ہوتی ہے چاہے وہ مرد ہو کہ عورت بچہ ہو یا بوڑھا۔ اس سیگمنٹ میں سب کا خیال رکھا جاتا ہے۔

پروگرام کے آخر میں ناظرین کی آراء شامل کی جاتی ہیں۔ ان میں کچھ لوگ نادیہ کو بذریعہ، وائس میل، ڈاک اور ای میل اپنے مسائل بھی بھیجتے ہیں۔ نادیہ کے جوابات اتنے اچھے ہوتے ہیں کہ آپ بس اس کی سمجھداری کے گرویدہ ہوجاتے ہیں۔ پھر اگر کوئی سمجھداری کی بات اتنی سادگی، اتنی نفاست اور اتنے خلوص سے کہے تو کوئی وجہ نہیں کہ وہ بات کرنے والا ہر کسی کو اچھا نہ لگنے لگے۔

پروگرام کی ایک اور خاص بات اس کا تھیم میوزک، گرافکس، سیٹ ڈیزائن، لائٹنگ اور کیمرہ ورک ہیں۔ اس کے پیچھے وہ فنکار ہیں جنہیں ہم نہیں دیکھ پاتے۔ لیکن اس شو میں یہ فنکار نادیہ کی میزبانی سے بالکل میچ کرتے ہیں۔ ایک بے تکلف، سادہ مگر پروقار اور شائستہ امتزاج ہر جگہ نظر آتا ہے۔ گرافکس بھی بہت اچھے بنائے گئے ہیں جو دن کے آغاز اور تازگی سے بالکل میل کھاتے ہیں۔ یہی فنکاری پروگرام کی موسیقی میں ہے۔ نہ زیادہ ہلکی کے پھر سے سونے کو جی چاہے اور نہ بوجھل کے صبح صبح سر میں درد کردے۔

نادیہ خان شو پاکستانی اوپرا تو نہیں، لیکن ایک دلچسپ ٹی وی شو ہے جسے صبح صبح دیکھنا اچھا محسوس ہوتا ہے۔ ویسے یہ شو رات کو بھی مکرر نشر کیا جاتا ہے۔ لیکن براہ راست دیکھنے کا مزہ اور ہے۔

تبصرے:

Comments are closed.