بدی کے مقابل پیار کا بٹن

I Love Karachiدور پار کی کسی ریاست میں ایک عظیم شہر ہے۔ شہر جو پورا ملک ہے۔ جو حسین تو نہیں، مگر جفاکش ہے، وفا شعار ہے اور لائق بھروسا ہے۔ جو ذمہ دار ہے، بڑا ہے، قدامت، جدت، مشرق اور مغرب کے بیچ میں کھڑا ہے۔ جو ایک پل ہے معاشی خوشحالی کا، خوابوں کا۔ جہاں پری زاد اور پریاں رہتی ہیں۔ جہاں برے جادوگر اور شیطان بھی بستے ہیں۔ یہ بدی کی طاقتیں ایک عرصے سے اس شہر کے پیچھے پڑی ہیں۔ یہاں کے رہنے والوں کو دہشت زدہ کرکے یہ ان کے خواب ان سے چھین لینا چاہتے ہیں۔ یہ برے جادوگر چاہتے ہیں کہ اس شہر میں ہر طرف فساد، آگ اور خون ہو۔

ان برے جادوگروں کے مقابلے میں ایک ننھا پری زاد ایک چھوٹا سے بٹن بناتا ہے۔ یہ بٹن ہے پیار کا۔ ننھا پری زاد لوگوں سے کہتا ہے کہ اپنے دروازوں، کھڑکیوں، لباس اور سواریوں پر یہ بٹن چسپاں کرلو۔ اس بٹن میں وہ منتر ہے جو بدی کی طاقتوں کے سارے مظالم کا جواب ہے۔ اسے دیکھ کر شیطان بھاگ تو نہیں جائیں گے، مگر یہ ان پر ویسا ہی اثر کرے گا جیسا آگ اور خون کی ہولی تم پر کرتی ہے۔ اس بٹن سے وہ شیطان دہشت زدہ ہوجائیں گے۔

آپ بھی اس ننھے پری زاد کا یہ جادوئی بٹن اپنے بلاگ، گاڑیوں، گھروں اور دکانوں پر لگائیں اور اس عظیم شہر کے مظلوم عوام کا ساتھ دیں۔

تبصرے:

  1. نعمان ، میں نے اپنی ایک پرانی پوسٹ میں لکھا تھا کہ مجھے کراچی سے محبت ہے ۔ ۔ کیونکہ یہ غریب پرور شہر ہے ۔ ۔ اس شہر میں میں نے محبتیں پائیں ۔ ۔ اور کیں بھی ؛)

    http://azharulhaq72.spaces.live.com/blog/cns!430EB3A9F3E8C6EF!418.entry#comment

    اس پوسٹ پر آپ دیکھ سکتے ہو کہ کراچی میرے لئے کیا ہے مگر مجھے کیا جواب ملا وہ بھی پڑھنا ۔ ۔

    زندگی رہی تو ۔ ۔ کراچی کی زندگی کے بارے میں مزید لکھوں گا ۔ ۔ جب یہ عروس البلاد ۔۔ شہر واقعٰی ہی روشنیوں کا شہر تھا ۔ ۔ ۔

  2. اظہر میں آپ کا ایم ایس این اسپیسز پر ہوسٹ کیا ہوا بلاگ اکثر اپنے براؤسر میں نہیں کھول پاتا۔ اور اگر کھول بھی لوں تو تبصرہ نہیں کرپاتا۔ ابھی بھی یہ یو آر ایل ایک ایرر دکھا رہا ہے۔ آپ اپنا بلاگ ورڈپریس ڈاٹ کام یا بلاگر پر منتقل کرلیں، اب بلاگر آزاد ہے۔

  3. محبتیں لوٹانے کے اس طریقے پر مبارک۔ اللھ کرے ہمارا کراچی ایک بار پہر سے امن و آشتی کا گہوارا بن جائے اور دہشت گردوں کو شکست ھو۔

Comments are closed.