تعارف

نعمان کی ڈائری ایک سادہ اردو بلاگ ہے جس پر پاکستانی معاشرے، کراچی، اردو، ویب، کمپیوٹنگ، لینکس اور اوپن سورس سوفٹویر، پاپولر کلچر اور سائنس، تاریخ، فلم، موسیقی، ٹیلیوژن، اور بلاگ کے مصنف نعمان کی روز مرہ زندگی کے متعلق تحاریر شائع کی جاتی ہیں۔ بلاگ کے مصنف نعمان کی عمر ستائیس سال ہے اور وہ کراچی میں رہتا ہے۔ واجبی سی تعلیمی قابلیت رکھتا ہے اور حال ہی میں ورچوئل یونیورسٹی پاکستان کے بی ایس ماس کمیونیکیشن کے پروگرام میں داخل ہوا ہے تاکہ اپنے تعلیمی کیرئیر کو پھر سے شروع کرسکے۔ جب یہ بلاگ شروع کیا گیا تب نعمان اپنے والد کی دودھ کی دکان پر کام کرتا تھا۔ مگر اب بلاگنگ اور لکھنا لکھانا ہی اس کا کل وقتی ذریعہ معاش ہیں۔ نعمان دیسی گلیکسی، مائی ابنٹو بلاگ اور تماشا نامی انگریزی بلاگز پر بھی لکھتا ہے۔ اس کے علاوہ انفارمیشن ٹیکنالوجی کے مقبول انگریزی میگزین اسپائڈر میں بھی وقتا فوقتا لکھتا رہتا ہے۔ نعمان بچوں کی ایک کتاب "دادی جان مصر میں” کا مصنف ہے جسے نیشنل بک فاؤنڈیشن کے مقابلے میں پہلا انعام ملا اور جلد ہی نیشنل بک فاؤنڈیشن اس کتاب کو شائع کرنے کا اہتمام کرے گی۔

نعمان لبرل سیکولر سیاسی خیالات کا حامل ہے اور خود کو روشن خیال نہیں بلکہ جدید خیال سمجھتا ہے۔ آپ کا اس کی رائے سے متفق ہونا ضروری نہیں، آخر ہم سب ہی اپنے آپ کو کیا کچھ نہیں سمجھتے۔ آپ اس بلاگ کی مختلف پوسٹس پر تبصرہ جات کے ذریعے اظہار خیال کرسکتے ہیں۔

نعمان دیگر بلاگز، جرائد و رسائل، ویب سائٹس وغیرہ کے لئے اردو یا انگریزی دونوں زبانوں میں لکھنے میں دلچسپی رکھتا ہے۔ اگر آپ کے پاس نعمان کے لئے کوئی دلچسپ پیشکش ہے یا آپ ایسے ہی راہ و رسم بڑھانا چاہتے ہیں تو بلا جھجھک رابطے کے صفحے پر تشریف لائیں یا ذیل میں درج ای میل پتے پر اپنا پیغام ارسال کریں۔

ای میل کا پتہ

تحریر: نعمان | موضوعات: عمومی