کسی حال میں چین نہیں

میرا گھر سندھ اسمبلی اور سیکریٹریٹ کے بالکل قریب واقع ہے اسلئے ہماری بجلی باقی شہر کے مقابلے میں ذرا کم جاتی ہے۔ مثلا اگر پورے شہر میں چار گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ ہورہی ہے تو ہمارے ہاں تین گھنٹے کی ہوگی۔ مگر عجیب بات ہے، نامعلوم کے ای ایس سی والوں کو کیا ہوگیا ہے، گذشتہ قریبا ایک ہفتے سے ہمارے گھر کی بجلی نہیں گئی۔ پورے شہر میں لوڈشیڈنگ میں کافی کمی آگئی ہے۔ لوگ کہہ رہے ہیں کہ ادائیگی کے بعد کے ای ایس سی کو واپڈا سے مزید بجلی ملنے لگی ہے۔ مگر مجھے لگتا ہے یہ سب ناٹک محض میرے پیسے خرچ کرانے کو رچایا گیا تھا۔

میری والدہ جو کچھ عرصے سے علیل ہیں وہ اندھیرے سے گھبرارہی تھیں تو میں نے سوچا کہ اب یو پی ایس لینا ہی پڑے گا۔ آگے اتنی لمبی گرمیاں ہیں۔ میں یو پی ایس لے آیا۔ تنصیب کرنے والے اناڑی کاریگروں نے بڑا تنگ کیا انہیں وائرنگ کرنے کا ذرا سا سلیقہ نہیں تھا۔ اتنا خون جلا کہ نہ پوچھیں، سوچ رہے تھے کہ چلو اب جب لوڈشیڈنگ ہوگی تو ذرا دیر کو پنکھا چلا کر یہ سب محنت وصول ہوجائیگی۔ مگر ہماری راحت سے تو کے ای ایس سی والوں کو بیر ہے۔ اگلے ہی روز انہوں نے پیپکو کو ایک ارب روپے کی ادائیگی کردی اور تین سو میگاواٹ بجلی بحال کروالی۔ مجھے اگر خبر ہوتی کہ میرے یو پی ایس سے قومی ادارے کو اتنی بڑی رقم کی وصولی ہوگی تو کب کی یہ قربانی دے چکا ہوتا۔ مگر اب تو میں انتظار کررہا ہوں کہ کب بجلی جائے تو میں یو پی ایس سے جلنے والے الیکٹرک سیور بلبوں کی ٹھنڈی میٹھی روشنی سے لطف اندوز ہوں۔ امید ہے کے ای ایس سی والے زیادہ دن انتظار نہ کرائیں گے۔

تبصرے:

  1. یہی مسئلہ میرے ساتھ بھی ہے، گھر پر جاؤ تو 8، 8 گھنٹے بجلی غائب اور دفتر میں ایک لمحہ کے لیے جو فرائض سے "غفلت” کا موقع دے (کیونکہ میرا دفتر بھی سندھ سیکرٹریٹ سے متصل ہے) البتہ گزشتہ جمعہ کو جو صوبائی سطح پر تعطیل کا فیصلہ کیا گیا تھا تو دوپہر میں 2 سے 3 گھنٹے کے لیے بجلی گئی تھی۔

  2. مزے ہیں جناب ، ہمارا تو برا حال ہے ، اب تو لوڈ شیڈنگ کا کوئی شیڈیول بھی نہیں رہا ۔

    اللہ آپ کی والدہ کو جلد از جلد صحت یاب کرے ۔

  3. یہ تو حقیقت ہے کہ کچھ دن سے جیسے کے۔ای۔ایس۔سی والوں کو رحم آیا ہوا ہے۔۔۔ بجلی کافی کم جارہی ہے لیکن اچانک سے یہ تبدیلی کچھ سمجھ نہیں‌آرہی۔

  4. اللہ آپ کی محترمہ والدہ صاحبہ کو جلد شفائے کاملہ عطا فرمائے ۔ آمین ۔

    اتنا ہی دھان کرنے پر آ گئے ہیں تو یو پی ایس مجھے بھجوا دیجئے ۔ جب تک استعمال کروں گا اور اس کے بعد بھی آپ کو اور آپ کے بچوں کو دعا دونگا ۔ اسلام آباد کے جس وی آئی پی سیکٹر میں میں رہتا ہوں یہاں بجلی 24 گھنٹوں میں پانچ چھ بار جاتی ہے اور سوائے شام 7 سے 8 کے باقی اوقات بلاخبر چلی جاتی ہے ۔ پچھلے ایک ماہ میں میری 2 ایمرجنسی لائیٹس خراب ہو چکی ہیں ۔ ایک کی قیمت 1150 روپے ہے ۔

  5. ابوشامل، جی ہاں ہمارے گھر کی بھی چھٹی والے روز ہی زیادہ لوڈشیڈنگ ہوتی ہے۔ راہبر، کے ای ایس سی کو پیپکو سے مزید بجلی ملنے لگی ہے اور آج تو ٹی وی پر بتارہے تھے کہ نئے وزیر پانی و بجلی نے پیپکو سے کے ای ایس سی کو مزید تین سو میگاوٹ بجلی دلوادی ہے۔

    قدیر اور اجمل آپ کا شکریہ۔ اجمل اگر آپ ایمرجنسی لائٹیں ہی خرید رہے ہیں تو چین والی خریدیں دو تین سو رپے کی مل جاتی ہیں اس کا فائدہ یہ ہے کہ اگر وہ خراب بھی ہوجائیں تو زیادہ دکھ نہیں ہوتا۔ یو پی ایس آپ کو بھجوادیتا اگر کے ای ایس سی والوں کا کوئی بھروسہ ہوتا۔ کیا خبر ابھی اطلاع آئے کہ ان کی کوئی ٹرانسمیشن لائن اڑا دی گئی ہے یا بن قاسم تھرمل پلانٹ ٹرپ کرگیا ہے۔

  6. اسلام علیکم،
    نعمان اللہ آپ کی والدہ کو صحت دے۔
    ہمارے ہاں اتوار کو لائٹ جاتی ہی نہیں۔

  7. اسلام علیکم،
    نعمان اللہ آپ کی والدہ کو صحت دے۔
    اللہ کا شکر ہے ہمارے ہاں اتوار کو لائٹ جاتی ہی نہیں۔ عام دنوں میں بھی کم جاتی ہے۔

  8. میں نے چین والی ہی خریدی ہوئی ہیں ۔ یہاں اکیہری دو فٹی کم سے کم 600 روپے میں ملتی ہے اور وہ بعض اوقات 2 ہفتے بھی نہیں نکالتی۔ یہ تو کئی ماہ چلی ہیں ۔ شکر ہے کہ ان کی بیڑی تین چار سو روپے میں دستیاب ہو گئی ہے اور میں نے نئی بیٹری ڈال لی ہے ۔

  9. چین کے سامان میں یہی مسئلہ ہے کہ اگر خوش قسمتی رہے تو کبھی تو بہت پائیدار ثابت ہوتا ہے ورنہ اکثر جلد ہی خراب ہوجاتا ہے۔

Comments are closed.