کہ ساون آیا

ہمارے شہر میں بارش ہونا جسٹس افتخار چوہدری کے جلوس سے زیادہ بڑی خبر ہے۔ کل شام جو موسلا دھار بارش ہوئی تو صبح کے اخبار کی مرکزی شہ سرخی بارش کی خبر تھی۔ اخبار میں اتنی تصاویر جسٹس افتخار چوہدری کی نہیں تھیں جتنی بارش کی تھیں۔ وکیلوں پر اگر ایم کیو ایم والے ہلہ بول دیتے تو شاید کچھ چٹخارے دار خبر بنتی۔ مگر لگتا ہے ایم کیو ایم کے مبینہ دہشت گرد بھی بارش سے محظوظ ہورہے تھے اور وکیلوں کے اجتماع کو انہوں نے اہمیت نہ دی۔

بارش سے لطف اندوز ہونے والوں میں بچوں کا نمبر اگر پہلا ہے، تو ہمارے ناظم اعلی اور ان کے اہلکاروں کا نمبر دوسرا ہے۔ ادھر جو ذرا چھڑکاؤ ہوا ادھر بچے اور ناظم اعلی دونوں گھٹنوں پانی میں چھپا چھپ کرنے نکل آتے ہیں۔ اخبار والے بھی گندے پانی میں کھیلتے بچے اور ناظم صاحب کی تصاویر کھینچنا زیادہ پسند کرتے ہیں۔ ویسے کل کی بارش کافی تیز تھی لیکن مجموعی طور شہری حکومت اور کے ای ایس سی کی کارکردگی پچھلے سالوں کے مقابلے میں بہتر تھی۔ آج بھی سینیٹری اسٹاف تمام دن ہمارے محلے کی صفائی میں مشغول نظر آیا۔

تصویر روزنامہ جنگ کراچی ایڈیشن

تحریر: نعمان | موضوعات: کراچی

تبصرے:

  1. کمال ہے آپ کے ہاں جلد بجلی کی واپسی ہو گئی، ہمارے ہاں تو 18 گھنٹے بعد واپس آئی لیکن ایک گھنٹہ بعد ہی داغ مفارقت دے گئی۔ صبر کا پیمانہ چھلکنے کے بعد سسرال کا رخ کرنے میں ہی عافیت جانی 🙂

Comments are closed.