میں پچھلے کچھ سالوں سے کمپیوٹر استعمال کررہا ہوں۔ میرے کمپیوٹر پر پہلے ونڈوز انسٹال تھی۔ ونڈوز اٹھانوے اور پھر ایکس پی۔ لیکن چوری شدہ ونڈوز استعمال کرنے پر میرا دل ملامت کرتا رہتا تھا۔ خدانخواستہ میں اتنا غریب نہیں کہ اصل ونڈوز خرید نہ سکوں لہذا ضمیر کی اس خلش سے بچنے کا آسان طریقہ تھا چوری شدہ یا مسروق ونڈوز سے جان چھڑانا۔ اس کے دو حل تھے ایک تو یہ کہ میں ونڈوز کا لائسنس حاصل کرلوں یا پھر اوپن سورس آپریٹنگ سسٹم انسٹال کرلوں۔
ایک سال پہلے میں نے دوسرے راستے کو ترجیح دی۔ کیونکہ پہلا راستہ مہنگا اور اتنا پائیدار نہیں کہ اس پر اعتماد کیا جاسکے اور پیسے خرچ کرنے کے بعد آرام نہ ملے تو کیا فائدہ؟ لہذا میں نے اپنے کمپیوٹر کے لئے لنکس ریڈ ہیٹ کا دسواں ورژن ایک سو پچاس روپے میں لینکس پاکستان والوں سے خریدا۔ مگر اس میں بہت مسئلے مسائل کا سامنا کرنا پڑا، انسٹالیشن کے بعد ہارڈویر کے چند مسائل کی وجہ سے میں اسے استعمال نہ کرسکا اور مجبورا ونڈوز کی طرف دوبارہ رجوع کیا۔ مگر پھر وہی الجھن، حالانکہ پورا پاکستان نیک سے نیک، شریف سے شریف، ایماندار سے ایماندار، امیر سے امیر ترین اور غریب تر لوگ بھی مسروق شدہ ونڈوز استعمال کررہے ہیں۔ کسی کو اس میں کوئی تکلیف محسوس نہیں ہوتی۔ اور میں کونسا ایسا پارسا ہوں کہ مسروق شدہ ونڈوز استعمال نہیں کرونگا؟ اگر بل گیٹس کو یہ ناگوار ہوتا تو کب کا یہ ڈاکہ زنی رکوادیتا۔ مگر اس نے نہیں رکوائی کیوں؟ تاکہ ہم لوگ چوری شدہ ونڈوز استعمال کرتے رہیں۔
کچھ دن بعد میں نے ابنٹو کے بارے میں پڑھا۔ یہ لنکس کی ڈیبیان پر مبنی ڈسٹرو ہے۔ ان کے ویب سائٹ پر ایک لنک تھا جہاں سے کوئی بھی ابنٹو دنیا میں کہیں بھی بالکل مفت منگواسکتا تھا۔ بس پھر کیا تھا میں نے آؤ دیکھا نہ تاؤ فٹ فارم پر کر ارسال کیا۔ دو ہفتے میں مجھے ابنٹو کا پیکیج موصول ہوگیا۔ اس پیکیج میں ایک لائیو سی ڈی تھی اور ایک انسٹال سی ڈی۔ پہلے لائیو سی ڈی لگا کر دیکھی تو پتہ چلا کہ میرا سسٹم ابنٹو سے مکمل کمپیٹیبل ہے۔
ڈرتے ڈرتے اپنی ڈی ڈرائیو صاف کی، سی ڈرائیو میں ونڈوز رہنے دی اور ڈی میں ابنٹو کی انسٹالیشن شروع کی۔ انسٹالشن میں ونڈوز سے دگنا وقت لگا۔ تاہم آسانی سے انسٹالیشن ہوگئی۔ لاگ آن ہوا ویب براؤسر کھولا تو میرا کیبل کنکشن بالکل ٹھیک چل رہا تھا۔ ای میل کلائنٹ کنفگر کیا تو پتہ چلا کہ میرے کیبل والے کا روٹر ونڈوز کا آئی ایس اے سرور استعمال کرتا ہے۔ کیبل والے سے رابطہ کیا تو پتہ چلا کہ وہ لنکس کے بارے میں مدد فراہم کرنے سے قاصر ہے تاہم ان کے پاس ایک لڑکا کام کرتا ہے جو لنکس پر نیٹ ورکنگ کا تجربہ رکھتا ہے لیکن وہ ان دنوں دبئی گیا ہوا تھا اور اس کی آمد دو مہینے سے پہلے متوقع نہیں تھی۔ مایوس ہوکر میں نے ونڈوز کی سی ڈی کے ذریعے ابنٹو کا صفایا کردیا۔
کچھ دن بعد اردو محفل پر لنکس کارنر دیکھا۔ تو دل میں ایک امید جاگی اور ابنٹو کے بارے میں ایک پوسٹ لکھی اس امید پر کہ شاید کچھ مدد مل جائے اور پوسٹ لکھنے کے فورا بعد ابنٹو دوبارہ انسٹال کی۔ اب بھی وہی مسائل درپیش تھے جو پچھلی انسٹالیشن میں تھے۔ مگر اب کی بار میں نے ہمت نہ ہارنے کا تہیہ کررکھا تھا۔ ابنٹو کے چیٹ روم میں گیا، سپورٹ فورمز پر مدد طلب کی مگر کوئی بھی ونڈوز کے آئی ایس اے سرور کے بارے میں مدد فراہم کرنے پر تیار نہ تھا۔ بالآخر چند گھنٹوں کی مسلسل تلاش اور دسیوں حل آزمانے کے بعد بالآخر ایک حل مل ہی گیا جسے آزمانے سے ای میل، چیٹ، ایف ٹی پی سب نے کام شروع کردیا۔ اب مسئلہ تھا موڈیم کنفگر کرنے کا، چونکہ میرا موڈیم کنکسنٹ لنکس سے کمپیٹیبل نہیں تھا اور کاپی رائٹ کے مسئلوں کی وجہ سے ابنٹو اس کا ڈرائیور فراہم کرنے سے قاصر تھا۔ تلاش کرتا کرتا لنکسنٹ نامی سائٹ پر پہنچا جہاں سے ہزار مشکل کے بعد بالآخر اپنے موڈیم کے لئیے سوفٹویر حاصل کیا۔ موڈیم کنفگر کیا اور وہ فورا کنیکٹ ہوگیا۔
ایک اور مسئلہ موسیقی کے حوالے سے تھا۔ رئیل فارمیٹ، ایم پی تھری، ویو اور اے وی آئی فارمیٹ بائی ڈیفالٹ ابنٹو میں شامل نہیں تھے اور کوئی لنکس بیسڈ میڈیا پلیر انہیں اسوقت تک نہیں چلاسکتے جب تک خصوصی کوڈیکس ڈاؤنلوڈ نہ کئے جائیں۔ بہر حال کوڈیکس بھی انسٹال ہوگئے۔
اب کوئی ایسا کام نہیں بچا تھا جو میں ونڈوز پر کرسکتا تھا اور ابنٹو پر نہیں۔ لہذا پچھلے ایک ہفتے سے میں مسلسل ابنٹو استعمال کررہا ہوں اور بہت خوش ہوں۔ اسلئے بھی کہ میں اسے استعمال کرنے کا قانونی طور پر اختیار رکھتا ہوں اور اسلئیے کہ یہ ونڈوز سے ہزار گنا بہتر ہے۔
اوپن آفس، پی ڈی ایف، میڈیا پلئیر، ایم ایس این، یاہو، آئی آر سی، پی ایچ پی، پائتھن، ویب، ای میل، ہزارہا مختلف قسم کے مفت سوفٹویر۔ سب کچھ تو ہے اس میں! میں ڈیسک ٹاپ پر ویدر رپورٹ دیکھ سکتا ہوں، ساؤنڈ فائلز ریکارڈ کرسکتا ہوں، ای بکس پڑھ سکتا ہوں، لکھ سکتا ہوں، کئی قسم کے گیم کھیل سکتا ہوں، اپنی بھانجی کے لئے معیاری تعلیمی سوفٹویر انسٹال کرسکتا ہوں، عازب کے لئے آڈیو مکسنگ سوفٹویر شامل ہیں، کچھ پریشانی ہو تو زبردست سپورٹ آپشنز ہیں جہاں سے دو منٹ سے بھی کم وقت میں جواب آتا ہے۔ اور یہ سب کچھ مفت اور قانونی۔ کیا آپکی ونڈوز میں ہے یہ بات؟
ذنده باد ـ بهت اچها لكها هے ـ
سپين كے شهر بارسلونا ميں ميرا كچهـ لوگوں كے ساتهـ اٹهنا بيٹهنا رها هے جو كه ملٹى نيشنل كمپنيوں كے خلاف تهے ـ اور فرى سورس ليونكس كو بهت سپورٹ كرتے تهے ـ
ميں خود تو يه اپريٹنگ سسٹم استعمال نهيں كرتا مگر اس كى زبردست حمايت كرتا هوں ـ
اپ كى يه پوسٹ پاكستان ميں لوگوں كے لئيے مشعل راه ثابت هو سكتى هے ـ
جو كام اپ قانونى طور پر كر سكتے هيں اس كے لئيے جان بوجهـ كر چورى كرنے كى كيا ضرورت هے ؟؟
خاور كهوكهر
بہت ہی زبردست نعمان صاحب! آپ نے تو آپریٹنگ سسٹم کے بارے میں ایک نئی تاریخ رقم کر دی آپ کی اس تحریر سے بہت سے لوگوں کا حوصلہ بڑھے گا۔
خاور دراصل ہمارے ملک میں لوگ چوری کرکے بے شرمی محسوس نہیں کرتے۔ اس کی وجہ ایک تو قانون نافذ کرنے والوں کی نااہلی، دوسری جہالت ہے۔
ایسے لوگ جو صبح شام لوگوں کو نیکی کی دعوت دیتے ہیں، پاکستان میں ان کے کمپیوٹروں میں بھی مسروقہ ونڈو انسٹال ہوتی ہے اور وہ اس پر نہ شرمندہ ہوتے ہیں اور نہ ہی اسے غیرضروری سمجھتے ہیں۔
ونڈوز کے مسروقہ ورژن کا اب استعمال بلاجواز ہے کیونکہ لنکس وہی سب سہولیات مفت دے رہا ہے۔
جی بھائی خوب کام کیا آپ نے…. سال ہوا میں نے ریڈہیٹ 9 لی تھی اس ہم تمام محلے کے دوستوں نے استعمال کیا…. اس میں mount کی کمانڈ سمجھنے میں کافی ٹائم لگا…. پھر انٹرنیٹ کا استعمال…. بھی ممکن نہیں ہورہا تھا (میں ڈائل اپ استعمال کرتا ہوں) خدا خدا کر کے یہ معاملہ لینکس پاکستان سے حل ہوا…. پھر می ںاس سے تنگ آگیا…. گانے نہیں چلتے تھے… صرف ریئل پلیئر ہی کام کرتا تھا…. ایم پی تھری فارمیٹ ناراض تھا… ابھی ابیٹو کی سی ڈی میں نے بھی منگوائی تھی… مگر اس سے بھی دل ٹوٹ گیا…. دوسرا میرے والد کا کہنا ہے "یار یہ کیا نئے نئے تجربے کرتے رہتے ہو ابھی ایک ٹھیک سے استعمال کرنا سیکھا ہوتا ہے تم نئی مشکل کھڑی کر دیتے ہو”
لہذا اس کے مزید آسان ہونے کا انتظار ہے….
شعیب بھائی ابنٹو کو مکمل کنفگر کرنے کے لئیے تھوڑی سی محنت کرنا پڑے گی۔ چیزوں کے سہل ہونے کا انتظار کرنا مناسب ہے یا انہیں سہل بنانے کی خود کوشش کرنا؟ اکثر لوگوں کو لنکس میں موڈیم کنفگر کرنے میں مسائل کا سامنا ہوتا ہے۔ لیکن اس کے کئی حل موجود ہیں۔ آپ چاہیں تو میں ابنٹو کو کارآمد بنانے میں آپ کی مدد کرسکتا ہوں۔
جی! آپ نے درست کہا مگر مسئلہ میرے ساتھ معاملہ گھر والوں کا ہے…یہ بہانہ نہیں ہے یقین کرے
نعمان بھاء جی آپ ہمارا بھی مسءلہ حل کر دیں پلیز ہم کو بتا دیں کہ ٓپ نے کیسے خود کو ابنٹو سے نیٹ پر کنیکٹ کر لیا
ریحان میرا کیبل نیٹ تو بائی ڈیفالٹ ہی چلتا ہے۔ بس موڈیم کا ڈرائیور انسٹال کرنا پڑا تھا۔ اب میں سائبر نیٹ ڈی ایس ایل استعمال کررہا ہوں اور ڈی ایس ایل موڈیم بھی ابنٹو بائی ڈیفالٹ دیٹکٹ کرلیتا ہے۔ تاہم ایسے موڈیم جو ونڈوز کے لئیے بنائے گئے ہوں ان کے لئیے linmodems نامی سائٹ سے ڈرائیور مل جاتے ہیں۔
اسلام وعلیکم
ماشاءاللّٰھ، بہت عمدہ بلاگ ہے ۔ میں خود بھی لینکس کا مدّح ہوں ۔ لیکن لینکس پے نئے گیمز کی عدم دستیابی کے باعث ،اب تک ونڈوز ہی استعمال کر رہا ہوں- میرے پاس ابھی لائسنسڈ ونڈوزموجود ھے۔ اس کے علاوہ پروگرامنگ کے حوالےسے بھی ونڈوزایک ضرورت بن چکی ھے۔ خاص طور پرڈاٹ نیٹ پلیٹفورم کے لیے کافی ضروری ھے ۔ امید ھے کھ آنے والے دنوں میں یھ مسئلھ بھی حل ہوجائےگا۔