میں اپنے بلاگ پر کئی مرتبہ لکھ چکا ہوں کہ پاکستان کی عوام کو ہر صورت الیکشن کے دن باہر آنا ہوگا اور اپنے حق رائے دہی کا استعمال کرنا ہوگا۔ کیونکہ یہ بات ازحد ضروری ہے کہ پاکستان کو موجود خطرناک حالات سے ایک منتخب حکومت نمٹے۔ پاکستان پیپلزپارٹی نے الیکشن میں ہرصورت حصہ لینے کا اعلان کیا ہے، پاکستان مسلم لیگ (ن) بھی الیکشن میں حصہ لینے کا ارادہ ظاہر کیا ہے۔ عالمی برادری پاکستان پر جمہوریت کی طرف واپسی کے لئے دباؤ ڈال رہی ہے اور دنیا ہماری طرف دیکھ رہی ہے کہ ہم کس راستے کا انتخاب کرتے ہیں۔ ایک راستہ عالمی برادری میں ہماری قدر، ہمارے اعتماد اور بطور قوم ہمارے وقار میں اضافے کا سبب بنے گا۔ اور دوسرا راستہ خودکشی کا ہے۔
اسٹیبلیشمنٹ نے اپنے پسندیدہ نمائندوں کو جتانے کا انتظام کر رکھا ہے۔ گھوسٹ پولنگ اسٹیشن، مہرزدہ بیلٹ پیپرز، انتخابی فہرستوں کے گھپلے اور بلدیاتی انفراسٹرکچر کا انتخابی استعمال سمیت کئی الزامات لگائے جارہے تھے۔ پاکستان کے دونوں سابق وزرائے اعظم نواز شریف اور بےنظیر کے اعلان کیا تھا کہ وہ الیکشن میں حصہ لیں گے اور لوٹا لیگ کے لئے میدان کھلا نہیں چھوڑیں گے۔ محترمہ پچھلے دو سال سے جنرل اور صدر مشرف سے مذاکرات کرتی رہیں۔ ان مذاکرات کا مقصد کچھ لوگ اقتدار کا حصول بتاتے ہیں۔ میں ان لوگوں سے یہ سوال کرتا ہوں کہ کیا بیلٹ پیپر کے ذریعے اقتدار کے حصول کی کوشش کرنا جرم ہے؟ اگر جرم ہے تو یقینا اس کی مذمت کریں۔ اگر نہیں ہے تو ستائش کریں کہ محترمہ نے ہمیشہ بیلٹ پیپر کے ذریعے اقتدار کے حصول کو اپنا طریقہ بنایا اور احتجاجی سیاست سے گریز کرا۔ اس کے لئے انہوں نے نواز شریف کے ساتھ چارٹر آف ڈیموکریسی پر دستخط کرے۔ اس کے لئے انہوں نے پرو مشرف ہونے کا طعنہ بھی سنا۔ مگر مذاکرات، ڈپلومیسی اور آئینی طریقے سے مشرف کو رخصت کرنے کو صحیح اور بہتر راستہ چنا۔ چاہے آپ کو بے نظیر سے کتنے ہی اختلاف ہوں لیکن کیا آپ بھی میری طرح یہ باتیں سوچ رہے ہیں:
- بے نظیر میں ایسا کیا تھا کہ کچھ لوگوں کو اسے قتل کرنا پڑا؟
- وہ کون لوگ تھے کہ جن کے مفادات کو بےنظیر کی کامیابی سے نقصان پہنچنا تھا؟
- کیا اسے اس لئے قتل کیا گیا کہ وہ انتہاپسندی اور دہشت گردی کے خلاف تھی؟
- یا اسے اس لئے قتل کیا گیا کہ وہ پاکستان کے عوام کی ووٹوں پر منتخب ہوکر اقتدار میں آنا چاہتی تھی؟
- کیا دہشت گردی کو غلط سمجھنا گناہ ہے؟ کیا عوام کی طاقت، پارلیمنٹ کی بالادستی اور جمہوریت کے لئے کام کرنا غلط ہے؟
جن لوگوں نے بےنظیر کو قتل کیا وہ پاکستان کے دشمن تھے، وہ پاکستان کی عوام کے دشمن تھے۔ وہ نہیں چاہتے کہ پاکستان کی عوام کو جمہوریت، انصاف، امن اور خوشحالی حاصل ہو۔ کیا آپ ان کا مقصد کامیاب ہونے دیں گے؟ یا آپ الیکشن کے دن گھر سے نکلیں گے اور ووٹ دیں گے؟ آپ اگر بے نظیر کے مداح ہیں تو شہید شہزادی کے مقصد کو کامیاب بنائیں۔ اگر آپ بےنظیر کے نقاد ہیں تب بھی گھر سے نکلیں، اور پیپلزپارٹی کو نہ سہی، اپنی پسند کے نمائندے کو ووٹ دیں اور پاکستان کے دشمنوں کے منصوبوں کو ناکام بنادیں۔ اگر آپ ووٹ نہیں ڈالیں گے تو آمریت، ظلم، دہشت گردی، نا انصافی، اور افراتفری جاری رہے گی۔