تماشہ میرے آگے

کافی سوچ بچار کے بعد میں نے اپنا انگریزی بلاگ شروع کردیا ہے۔ مجھے انگریزی لکھنے کا کوئی ایسا خاص شوق یا تجربہ نہیں اور نہ ہی مجھے انگریزی میں لکھ کر ایسا لطف آتا ہے جیسا اردو میں لکھنے پر آتا ہے۔ مگر پھر بھی میں انگریزی میں بلاگ لکھ رہا ہوں۔ اس کی سب سے خاص وجہ یہ ہے کہ میں زیادہ قارئین تک رسائی پانا چاہتا ہوں۔ حالانکہ ویب پر اردو پڑھنے والوں کی ایک بڑی تعداد موجود ہے اور پاکستانی انگریزی بلاگ منظر اردو بلاگستان کے مقابلے میں بہت بڑا ہے۔ مگر انگریزی بلاگستانیوں کا اردو بلاگز کے ساتھ رویہ نہ سمجھ آنے والا ہے۔ وہ اپنے مباحثے اردو بلاگستان کے ساتھ نہیں بانٹتے۔ دیگر اردو پڑھنے والے بھی تبصرہ لکھنے میں یا اپنی موجودگی کا کسی بھی قسم کا احساس دلانے سے گریزاں رہتے ہیں۔

بلاگنگ کا آغاز کرتے ہوئے یہ خیال میرے ذہن میں اتنا طاقتور نہیں تھا کہ میں اپنے خیالات بانٹنا چاہتا ہوں۔ مگر اب یہ خیال قوی تر ہے اور بلاگنگ کی سب سے پہلی اور آخری وجہ بھی۔ دیگر وجوہات میں ستائش کی طلب بھی شامل ہے، جس کے معاملے میں آپ پڑھنے والے ہمیشہ شرمندہ کردینے کی حد تک سخی رہے ہیں۔ اس نرم دلی اور حوصلہ افزائی پر میں آپ سب کا ہمیشہ مشکور رہوں گا۔

انگریزی بلاگ شروع کرتے وقت صرف ایک چیز مجھے زیادہ پریشان کررہی تھی۔ وہ یہ کہ اس طرح میری اردو بلاگنگ کم ہوجائیگی۔ اور گرچہ میں ابھی بھی یہ نہیں سمجھتا کہ اب میں اردو میں زیادہ سے زیادہ بلاگنگ کرسکوں گا، تاہم میں اردو میں بلاگنگ کے سلسلے کو جاری رکھوں گا اور وقتا فوقتا اپنی روشن خیال اور مغربی طرز فکر سے متاثر افکار سے اجالے بکھیرتا رہوں گا۔

یہ بھی دیکھنا ہوگا کہ انگریزی بلاگ کو کیسی پذیرائی حاصل ہوتی ہے۔ یہ بات بھی بعید از قیاس نہیں کہ متوقع حوصلہ افزائی نہ پانے پر میں انگریزی میں بلاگنگ اتنے تواتر سے نہ کرسکوں جیسے اردو میں کرتا رہا ہوں۔ مگر اس کا امکان کم ہے، کیونکہ ایک تو میں بہت اچھا لکھتا ہوں، دوسرا یہ کہ انگریزی بلاگستان کو اب تک میرے ایسا بلاگر میسر نہیں آیا تھا اور مجھے یقین ہے کہ میرا بلاگ دیکھتے ہی وہ فرط جذبات سے بے قابو ہوجائیں گے۔ تیسرا یہ کہ مجھے یقین ہے کہ آپ دوست وہاں بھی میری حوصلہ افزائی کو آموجود ہونگے۔ آئیں گے نا؟

تماشا ۔ ایک تماش بین کی ڈائری

تبصرے:

  1. پہلے تو میں آپ کے انگریزی میں بلاگ کی شروعات پر نیک خواہشات کا اظہار کرتا ہو!!
    اردو اور انگریری اخبار کا اپنا اپنا حلقہ ہے!!! اپنے اپنے نظریات!!! چند ایک ادھر کے اُدھر اور اُدھر کے ادھر نظر آجاتے ہیں!!!
    ایسے ہی میرا خیال ہے دونوں پاکستانی اردو اور انگریزی بلاگر کا اپنا اپنا حلقہ !!!
    ہاں مگر ایسا نہیں کہ دونوں ایک دوسرے سے الگ الگ ہو کر بھی دور ہوں!!!

  2. امید ہے اب آپ کی دکان پر دیسیوں کیساتھ کیساتھ دیسی گورے بہی دودھ لینے آیا کریں گے۔

  3. ہم نے آپ کے انگریزی بلاگ پر تبصرہ چھوڑنے کی کوشش کی مگر سسٹم نے اجازت نہیں‌دی۔ مھربانی فرما کر اس کو درست کیجئے تاکھ ھمارے جیسے لوگ آپ کی ادھر بھی حوصلھ افزائی کرسکیں۔

  4. شکریہ دوستو۔

    میرا پاکستان، اس اہم غلطی کی طرف توجہ دلانے کا بہت شکریہ، اسے ٹھیک کردیا گیا ہے۔

  5. اچھی بات ہے شروع کریں۔ پڑھنے کی کوشش کریں گے ہم بھی۔
    (پہلے کونسا اردو بلاگ اتنی باقاعدگی سے پڑھتا ہوں۔)

  6. آپ کے انگريزی بلاگ کا دورہ کيا ہے
    آپ کا يہ خيال کہ انگريزی والے اردو سے الگ رہتے ہيں جزوی طور پر صحيح ہے ۔ اصل بات تحرير کرہ مواد کی ہے اور قارئين کی پسند کی ۔ بہت کم لوگ ہوتے ہيں جو تحرير سے اختلاف رکھتے ہوئے بھی اسے پڑھتے ہيں ۔

  7. آپ نے ایک بہت اچھّا قدم اٹھایا ہے۔ یہ آپ کو اپنے مقصد میں کامیابی دلائے گا۔ انگریزی بلاگ پر آپ اپنے زورِ قلم کی داد پائیں گے۔
    اردو بلاگ پر آپ مذہب پر یا اسکے برعکس روشن خیالی پر لکھ سکتے ہیں۔ یا پھر مسلمانوں کی سماجی و سیاسی بد حالی پر۔
    انگریزی بلاگ پر آپ اپنی انگریزی مزید سنوار سکتے ہیں۔ اردو بلاگ پر آپ صرف کفِ افسوس مل سکتے ہیں۔ لیکن یہ مسئلہ زبان کا نہیں کچھ "اور” ہے۔

  8. نعمان بھائی نئے بلاگ کی مبارکباد۔۔۔۔سچ پوچھیے تو مجھے آپ کا اُردو بلاگ ہی پسند ہے۔

  9. بھائی اپنی انگریزی تو ویسے ہی خراب ہے کچھ خود بھی کر لی ہے ، کیونکہ انگریزوں سے بدلہ لینے کے لئے کچھ تو کرنا پڑے گا ۔ ۔ ۔ ، آپ کی انگریزی سے انگریزی سیکھنے کے لئے ضرور انگریزی بلاگ پڑھیں گے ۔ ۔ انشااللہ ۔ ۔۔

  10. السلام علیکم!
    نعمان بھائی انگریزی بلاگ کے چکر میں آپ اس اُردو بلاگ کو یتیم کر گئے ہیں۔ کئی دنوں سے آپ کی کوئی تحریر سامنے نہیں آئی۔

Comments are closed.