اسلام آباد سے واپسی پر

میں اسلام آباد نیشنل بک فاؤنڈیشن کے کانوینشن میں شرکت کے لئے گیا تھا۔ ارادہ تھا کہ کنوینشن کے فورا بعد ہی ائر بلو کی شام کی پرواز یا اگلے دن صبح کی پرواز پکڑ گھر کی راہ لونگا۔ یہ ویران سا شہر، درختوں، ملاؤں، پہاڑوں، سڑکوں اور سگنلوں کی بہتات کے علاوہ یہاں کیا دھرا ہے؟ نہ زندگی، نہ زندگی کی گہما گہمی۔

مگر میں غلط تھا۔ اسلام آباد ایک خوبصورت شہر ہے۔ سرسبز پہاڑوں کے دامن میں اگر بے ایمان لوگ لوٹ کھسوٹ میں ملوث ہیں تو وہیں کچھ لوگ اپنا کام بہت محنت اور دلجمعی سے بھی کرتے ہیں۔ درحقیقت مجھے اسلام آباد جا کر حب الوطنی کا نیا احساس ہوا۔ یہ احساس تب شروع ہوا کہ جب ٹرین کراچی چھوڑ دیتی ہے۔ اور تمام دن، تمام رات چلنے کے بعد بھی آپ کو منزل پر نہیں پہنچاتی تو آپ کو احساس ہوتا ہے کہ آپ کا ملک کتنا بڑا ہے۔ اس دوران جغرافیائی تبدیلیاں دیکھیں۔ سندھ کے خشک علاقے، پھر سندھ کے کھیت، پھر پنجاب، لاہور سے پنڈی تک کے سرسبز نظارے۔ اور اسلام آباد کی خوبصورت وادی۔ اور یہ تو صرف ہمارے ملک کا آدھا حصہ بھی نہیں۔ اس سے شمال میں، مغرب میں اور جنوب مغرب میں اور بھی حسین علاقے ہیں۔

اسلام آباد میں جن بھوتوں، ملاؤں، سیاستدانوں، بیوروکریٹس، اشرافیہ وغیرہ کے علاوہ بھی کافی ساری انسانی مخلوق بستی ہے۔ مگر یہ مخلوق عموما ٹی وی پر نظر نہیں آتی۔ یہ لوگ اسلام آباد میں بڑی خاموشی سے رہتے ہیں۔ اپنا کام کرتے ہیں اور بس۔ اور یہی لوگ بہت اچھے ہیں۔

کراچی کے لوگوں کے بارے میں وہاں کے لوگوں کی رائے بہت اچھی ہے۔ درحقیقت راولپنڈی اسلام آباد کے لوگوں کی رائے کراچی کے لوگوں کے بارے میں اتنی اچھی ہے کہ مجھے یقین نہیں آرہا تھا کہ یہ کونسے کراچی والوں کی بات کررہے ہیں۔ سب سے زیادہ عام تاثر جو کراچی کے لوگوں کے بارے میں یہاں پایا جاتا ہے وہ یہ ہے کہ وہ بہت پڑھے لکھے، تمیز دار اور باشعور لوگ ہوتے ہیں۔ حالانکہ میرے خیال میں اسلام آباد اور پنڈی میں جتنے بھی لوگوں سے ملا ہوں وہ سب مجھ سے زیادہ پڑھے لکھے، باشعور، تمیزدار اور مہمان نواز تھے۔ عاجزی اور انکساری ان میں کوٹ کوٹ کر بھری تھی۔ زبان شیریں اور اس میں ایسا خلوص اور پیار کہ آپ کا گھر لوٹنے کو جی ہی نہ کرے۔

اسلام آباد راولپنڈی کے لوگ کراچی کے لوگوں ایسی بنئے کی سوچ نہیں رکھتے۔ ماہ رمضان میں وہاں کئی ریستوران پورا مہینہ بند رہتے ہیں۔ دکانیں رات دس بجے ہی بند ہونا شروع ہوجاتی ہیں۔ لوگ پیسوں سے زیادہ دوسری چیزوں کو اہمیت دیتے ہیں۔

دامن کوہ ویو پوائنٹ پر واقع باربی کیو ان کے منیجر ہمایوں صاحب نے مجھ سے پیسے اس لئے نہ لئے کیونکہ میں نے ان کے ریستوران کی تصاویر لی تھیں۔ وہیں لذیذہ ایکسپریس نامی آئس کریم پارلر والوں نے مجھے مفت قلفی پیش کی۔ اور بہت اصرار کرنے پر بھی پیسے لینے سے صاف انکار کردیا۔ ان کے ریستوران سے کچھ ہی دور ایک پان فروش نے مجھے مفت پان پیش کیا۔ صرف اسلئے کیونکہ میں نے ان کے گیٹ اپ اور ان کے پان بیچنے کے انداز کے بارے میں چند سوال کرلئے تھے۔ میری ملاقات افتخار (افتخار اجمل صاحب نہیں، یہ افتخار میرے ہم عمر تھے اور ایک انتہائی اہم سرکاری محکمے میں انتہائی اہم کام کرتے ہیں) سے ہوئی۔ انہوں نے مجھے اسلام آباد کی سیر کرائی، دعوت کھلائی، اپنے گھر مدعو کیا، اپنے گھر والوں سے ملایا، اپنے دوستوں سے ملوایا،افتخار ان کے دوستوں ان کے گھروالوں نے اتنی محبت مجھے دی کہ واپسی پر قدم اٹھانا دوبھر ہورہا تھا۔

افتخار مجھے جس ٹیکسی میں اسلام آباد کی سیر کرانے لے گیا تھا اس ٹیکسی والے نے مجھے گیسٹ ہاؤس چھوڑنے پر افتخار سے پیسے لینے سے انکار کردیا۔ کہنا لگا نہیں یہ آپ کے ہی نہیں ہمارے بھی مہمان ہے۔ وہ ایک کشمیری لڑکا تھا جو زلزلے کے دوران اپنے علاقے میں کراچی سے آئے ہوئے پیرامیڈیکس کے ساتھ کام کرتا رہا تھا۔ افتخار نے کہا کہ نہیں یہ میرا مہمان ہے پیسے تو میں دونگا۔ بہرحال افتخار نے اسے طے شدہ معاوضے سے آدھا لینے پر تو رضامند کرہی لیا۔ اتنی محبت مجھ ناچیز کے لئے اور اتنی بے لوث آپ میری کیفیت کا اندازہ نہیں کرسکتے۔

جب میں افتخار کے ساتھ بری امام گیا۔ تو وہاں فقیر بچیوں نے مجھے گھیر لیا۔ افتخار نے مجھے سختی سے منع کررکھا تھا کہ انہیں کچھ نہیں دینا۔ مگر جب ایک بچی نے میرا ہاتھ پکڑ لیا اور ضد کرنے لگی کے میں یہ چیز (ایک سفید میٹھی گولی قسم کی چیز جو مزارات پر نذر کی جاتی ہے) انہیں ضرور دونگی۔ اور پھر اس نے مجھے وہ دی اور افتخار نے ضد کی کہ میں یہ بری سرکار کے روبرو پیش کردوں۔ اللہ رے اتنی محبت، اتنی عقیدتیں اور اتنی نیازمندیاں۔

ویسے مجھے خود پر کوئی گمان نہیں۔ بیشک میں بہت ہینڈسم، تمیز دار، باشعور انسان ہوں۔ لوگ میری محبت میں بڑی جلدی گرفتار ہوجاتے ہیں۔ مگر پھر بھی یہ محبتیں میری اوقات سے زیادہ تھیں۔ نیشنل بک فاؤنڈیشن کے چئیرمین صاحب نے مجھے اپنے دفتر مدعو کیا۔ جناب امجد اسلام امجد صاحب نے مجھے سے وعدہ لیا کہ میں انہیں فون یا ای میل کرونگا۔ میرے مسودے کی ستائش کی (گرچہ وہ ہرگز ستائش کے لائق نہ تھا) میری بے پناہ حوصلہ افزائی کی۔ پروگرام کوآرڈینیٹر صاحب نے میرے لئے روزانہ مصنفین کے ریسورس سینٹر تک آنے جانے کی سواری کا بندوبست کیا۔ میرے گیسٹ ہاؤس والوں نے مجھے مفت افطار اور سحری پیش کی گرچہ میں روزہ نہیں رکھ رہا تھا۔

کسی نے مجھے پنجابی میں ہیر سنائی، کسی نے رباب بجا کرسنایا، کسی نے قوالی پیش کی، کسی نے سوہنی مہیوال۔ کسی نے مجھے انور مسعود کی مزاحیہ پنجابی شاعری سنائی، کسی نے مجھے دریائے جہلم کے نزدیک اپنے گاؤں مدعو کیا، تو کسی نے مجھے جنرل صاحب سے ملوانے کا وعدہ کیا۔ ہر کسی کے پاس میرے لئے وقت، محبت اور خلوص تھا۔ اور کچھ نہیں۔

یہ ویران شہر اتنا ویران نہیں۔ یہاں ایک ڈسکو ہے تو ایک لال مسجد بھی۔ آبپارہ پر افغانی دکاندار ہیں تو جناح سپر مارکیٹ پر "انسینلی ایکسپینسیو” اور انتہائی گھٹیا فیشن بھی۔ وہاں لوگ جینز، ٹی شرٹ پہن کر، اسی لاکھ کی گاڑی سے اترتے ہیں ہاتھ میں بیش قیمت موبائل جس پر وہ پنجابی میں گفتگو کررہے ہوتے ہیں۔ ایک رنگارنگ شہر ہے اسلام آباد۔ یہاں کی عمارتیں کنکریٹ کی ہیں اور لوگ سونے کے۔ میں بہت سارے لوگوں سے وعدے کے باوجود نہ مل سکا۔ اور اچھا ہی ہوا میرے بیگز میں اتنی جگہ تھی نہ میرے دل میں اور مجھے ڈر تھا کہ کہیں میں پھٹ ہی نہ جاؤں۔میں وہاں جب گیا تھا تو بظاہر کسی کو نہ جانتا تھا اور اب مجھے ایسا لگ رہا ہے جیسے میں وہاں سب کو جانتا ہوں۔ میں ان سب لوگوں کا بہت بہت شکر گزار ہوں کہ جنہوں نے میری مہمان نوازی کی، مجھ احقر کو اتنی توقیر اور احترام دیا۔ اور مجھے اتنی محبتیں دیں کہ میں چاہوں بھی تو ان کو لوٹا نہیں سکتا۔

تصاویر ملاحظہ فرمائیں

تبصرے:

  1. اللہ کا شکر ہے اب کراچی والے اسلام آباد کو شہر تو سمجھیں گے جو وہ پہلے نہیں سمجھتے تھے۔

  2. یقین مانیں‌ کہ ہمیں اب تک آپ کے لکھے پر یقین نہیں‌آرہا اور اب تک ہم یہی سمجھ رہے ہیں‌کہ آپ اسلام آباد والوں کو شرمندہ کرنے کیلیے دروغ گوئی سے کام لے رہے ہیں۔
    اگلی قسط میں‌ ذرا اپنے مسودہ پر بھی روشنی ڈالیے گا اور بتائے گا کہ ادبی لحاظ سے آپ کا دورہ کیسا رہا

  3. موبائل فون پر پنجابی سن کر آپ کو عجیب لگا ـ
    باقی آب کو اسلام آباد والوں کی تعریف کر رهے هیں کچھ مبالغه بهی شامل ہے اس میں ـ
    پاکستان کے ہر علاقے کی مہمان نوازی کی باتیں آپ نے سنی هوں کي ـ
    سندهی کی مہمان نوازی اور پٹھان کی مہمان نوازی تو مشہور ہے
    مگر کیا آپ کو معلوم ہو که مہمان نوازی میں جس علاقے کا نام نہیں آتا وه ہے پنڈی کا علاقه اور اسلام آباد بهی پنڈی میں ہے ـ
    مگر هو سکتا ہے که اسلام آباد مختلف هو کیونکه اسلام آباد ایمگرینٹ کا شہر ہے ناں جی
    اور آپنی آپنی مهمان نوازی کی ورایات کو قاءهم رکهے هوں ـ

  4. نعمان،
    اچھا لکھتے ہو- پاکستان کے ہر شہر اور گاؤں میں خلوص بھرے لوگ بہت زیادہ ہیں – لیکن کچھ لوگ دوسرے شہروں اور لوگوں کا کافی خراب نقشہ کھینچ دیتے ہیں جس کی وجہ سے منفی اثر پڑتا ہے -میں بھی جب پہلی دفعہ کراچی گیا تو شہر اور لوگ میرے ذہن کی تصوہر سے بہت بہتر نکلے – سفر ھمارے ذہن سے کافی پردے اٹھا دیتا ہے

  5. مجھے اس بات پر یقین نہیں آتا کہ ہر جگہ پر کاروباری افراد نے آپ سے اجرت نہیں لی ۔ ایسے حسین اتفاقات میرے ساتھ کیوں نہیں ہوتے ، میں بھی تو اتنی دور سے اسلام آباد گیا تھا 🙁

  6. ہاہاہاہا
    میاں قدیر بندے بندے کی بات ہوتی ہے۔
    نعمان آپ کے تجربات سن کر خوشی ہوئی کہ ابھی اتنا اندھیر نہیں مچا۔ آپ موبائل پر پنجابی سن کر حیران ہوئے ادھر فیصل آباد میں موبال پر پشتو سن کر میرا بھی آپ جیسا ہی حال ہوا تھا۔ لیکن اب عادی ہوں۔
    لوگ اپنی مادری زبان میں گفتگو کرنا پسند کرتے ہیں۔
    وسلام

  7. نعمان
    اچھے رہے کہ تمہیں اس شہر نے اپنا اچھا روپ دکھایا۔ بس میری دعا ہے کہ کبھی آپ کو اسلام آباد میں کوئی کام نہ پڑے۔ تعریفیں تو لوگ سعودیہ والوں کی بھی خوب کرتے ہیں۔
    آئندہ کی ویزٹ پر پیشگی دعوت قبول کریں ( آپ تعریفیں ہی اتنی کرتے ہیں کہ رہا نہ گیا!)

  8. شاکر اور خاور: نہیں میں موبائل پر پنجابی سن کر حیران نہیں ہوا بلکہ برگر طبقے کے منہ سے پنجابی سن کر حیران ہوا۔ اور یہ خوشگوار حیرت تھی۔ ویسے اسلام آباد میں زیادہ تر لوگ اردو ہی بولتے ہیں۔ خاور، محبت میں مبالغہ آرائی جائز ہے۔

    ضیاء: بجا فرمایا آپ نے سفر واقعی ہمارے ذہن سے کئی پردے ہٹادیتا ہے۔ غلط فہمیاں دور ہوجاتی ہیں۔

    میرا پاکستان: آپ کو ایسا کیوں لگا؟ ویسے یہ ہی سفرنامہ تھا اس کی اقساط نہیں ہیں۔

    قدیر: مجھے خود یقین نہیں آتا۔ بہرحال ہر جگہ ایسا نہیں ہوا صرف ان جگہوں پر جہاں میری دکانداروں سے تھوڑی بہت گفتگو ہوئی۔ اور تم تو جانتے ہی ہو میں کس قدر خوش گفتار ہوں۔

  9. ہرچند کہ اچھے بُرے لوگ ہر جگہ ہوتے ہیں لیکن اس کے ساتھ ہی ہر جگہ کی اپنی کوئی خاص بات ہوتی ہے ۔ اسلام آباد میں بہت امیر سے لے کر بہت غریب تک ۔ بہت پڑھے لکھے سے لے کر اَن پڑھ تک ۔ بہت خوش اخلاق سے لے کر بہت بدتمیز تک ۔ پڑھے لکھے جاہل اور عقلمند اَن پڑھ ہر قسم کے لوگ رہتے ہیں ۔ آپ کی خوش قسمتی یہ ہے کہ آپ کے ساتھ نگہبان میزبان موجود تھے اور بعض اوقات اتفاقات بھی ہو جاتے ہیں ۔

    میں آپ کی تحریر میں کچھ ڈھونڈ رہا تھا جو نہیں ملا ۔ یہاں پورے پاکستان کی زبانوں اور کچھ غیر ملکی زبانیں انگریزی کے علاوہ بھی بولی جاتی ہیں ۔ اور سب سے بڑی بات کہ اسلام آباد میں رہنے والوں کی اکثریت مقامی نہیں ہے ۔

  10. رضوان آپ کا بہت شکریہ، ویسے میں اکتوبر کے آخر میں یا نومبر کے پہلے ہفتے میں پھر اسلام آباد آؤنگا امید ہے تب آپ کی دعوت سے مستفید ہوسکوں گا۔ مجھے نہیں معلوم تھا کہ آپ اسلام آباد میں ہوتے ہیں۔ آپ کے بلاگ سے تو لگتا ہے کہ آپ کراچی کے رہنے والے ہیں۔

    اجمل آپ صحیح کہہ رہے ہیں اس روداد میں اسلام آباد کے بارے میں کئی عمومی تاثرات جن کا ذکر ہونا چاہئے تھا وہ موجود نہیں ہیں۔ کوشش کرونگا کہ آئندہ وقتا فوقتا ان کا ذکر کرتا رہوں۔

  11. بہت اعلی نعمان، ایک بات تو میں بہت دیر سے کہتا ہوں، ملک مضبوط کرنا ہے تو تیز رفتار سڑکیں بنائی جائیں، تاکہ لوگوں میں آپس کی غلط فہمیاں دور ہوں گی تو کسی تعمیری سرگرمی میں بھرپور حصہ لیں گے۔

  12. جہانزیب میں آپ کی بات سے بالکل متفق ہوں۔ لوگوں کے درمیان آپسی غلط فہمیاں دور کرنے کے لئے انہیں قریب لانا ہوگا۔ اسلام آباد یقینا کراچی جیسا کاسموپولیٹین شہر نہیں۔ لیکن اس کے باوجود مجھے وہاں جاکر پتہ لگا میرے ملک کے باقی لوگ کیسے ہیں۔ حالانکہ اسلام آباد سے زیادہ پنجابی، کشمیری، سندھی، پشتون، بلوچ کراچی میں رہتے ہیں۔ مگر اس کے باوجود میں ان کی اچھائیوں سے ناواقف تھا۔

  13. نعمان
    میں بھی تمہاری طرح پہلی وزٹ پر اسلام آباد کو دل دے بیٹھا تھا اور کراچی سے ٹین ٹاپرا اٹھا کر یہاں آگیا۔ اب ہوا یہ کہ کراچی سے ناطہ ٹوٹ نہیں سکا اور اسلام آباد نے قبول نہیں کیا۔ اس لیے اپنا یہ حال ہے:
    ع — — جس شہر میں رہنا روٹھے ہوئے رہنا

Comments are closed.