کل میں نے ابنٹو کا نیا ورژن ڈاؤنلوڈ کرا اور اس کی آزمائش کی۔ ابنٹو کا یہ ورژن سات اعشاریہ ایک صفر ہے جس کی عرفیت گٹسی گبن ہے۔ میں کافی عرصے سے ابنٹو استعمال نہیں کررہا تھا بلکہ ڈیبیان استعمال کررہا تھا۔ ابنٹو کی اساس بھی ڈیبیان ہی ہے، لیکن اصل ڈیبیان ابنٹو کے مقابلے میں زیادہ تیزرفتار اور زیادہ آزاد ہے۔ ابنٹو کی انسٹالیشن کا وہی عمومی طریقہ تھا جو پچھلی انسٹالیشنز میں تھا یعنی لائیو سی ڈی کو چلائیں اور پھر انسٹال پر کلک کریں۔ انسٹالیشن میں قریبا آدھا گھنٹا صرف ہوا۔ اس دوران میں نے کچھ موسیقی سنی، تھوڑی براؤسنگ کی، اور چند دوستوں کا احوال پوچھنے کو انہیں ای میل بھیجی۔ انسٹالیشن ویسی ہی سادہ اور آسان تھی۔ تاہم انسٹالیشن کے بعد جب میں پہلی بار لاگ ان ہوا تو ڈسپلے سروسر کی کسی کنفگریشن کی وجہ سے گلابی رنگ کی سادہ اسکرین دکھائی دی جس پر کچھ نہیں تھا۔ لیکن ایکس سرور ژورگ کو ری اسٹارٹ کرنے پر یہ دور ہوگئی۔ اگر آپ میں سے کسی کو یہ مسئلہ درپیش ہو تو CTRL+AL+BACKSPACE کی کلیدیں ساتھ دبا کر ڈسپلے منیجر کو ری اسٹارٹ کرلیں۔
لاگ آن کے بعد وہی سادہ مگر پرکشش ابنٹو میرا منتظر تھا۔ اردو والوں کے لئے اس ابنٹو میں یہ خاص بات ہے کہ پہلے جو آپ کو فائر فوکس میں پینگو کو این ایبل کرنا پڑتا تھا اب وہ نہیں کرنا ہوگا۔ صرف نفیس ویب نسخ انسٹال کریں اور آپ کا براؤسر اردو پڑھنے کو تیار ہے۔ نفیس ویب نسخ سائنپٹک سے ڈاؤنلوڈ کریں ڈیبیان پیکیج کے طور پر نفیس ویب نسخ کا نام ٹی ٹی ایف نفیس ہے۔ اپنے سسٹم کو فوری طور پر اردو لکھنے کو تیار کرنے کے لئے یہ صفحہ دیکھیں۔ اگر آپ کوئی ایسا صفحہ کھولتے ہیں جس پر کوئی فلیش ویڈیو ہو، جیسے یو ٹیوب وغیرہ، تو ابنٹو فائر فوکس آپ کو دستیاب پلگ انز میں جی نیش (یا گنیش) بھی دکھاتا ہے۔ لیکن جی نیش ابھی تک انڈر ڈیولپمنٹ ہے اور قابل اعتبار نہیں تو بہتر ہوگا کہ آپ ایڈوب فلیش پلئر ہی ڈاؤنلوڈ اور انسٹال کریں۔
ابنٹو کا نیا ورژن زیادہ پالشڈ ہے۔ لنکس کرنل کا تازہ ترین ورژن ہے، گنوم کا نیا ورژن ہے، تھری ڈی ڈیسکٹاپ ایفکٹس ہیں۔ بظاہر ابنٹو کے پچھلے ورژن سے کچھ زیادہ مختلف نہیں ہے۔ اوپن سورس سوفٹویر کی دنیا میں چونکہ ڈیولپمنٹ جاری رہتی ہے کوڈ میں کئی تبدیلیاں آجاتی ہیں، چند سوفٹویر کے نئے نسخے جاری ہوجاتے ہیں۔ چند سوفٹویر کے نام بدل جاتے ہیں۔ جیسے اس بار گیم انسٹنٹ مسینجر جس کا نام پیجن میں تبدیل ہوگیا ہے۔ پیجن کا انٹرفیس بھی اب کافی بہتر ہوگیا ہے اور اس میں چیٹ کرنے میں اب زیادہ مزہ آرہا ہے۔ ڈیسک بار اپلیٹ کے ساتھ ساتھ اب کی بار گنوم ٹریکر سرچ ٹول بھی انسٹالیشن میں شامل ہے۔ جس سے امید ہے کہ دستاویزات اور فائلوں کو تلاش کرنا اور کھنگالنا اور بھی آسان ہوجائیگا۔ بلیو ٹوتھ انیلائزر نام کا ایک ٹول بھی شامل ہے۔ کھیلوں میں شطرنج اور ٹیٹرس نیا اضافہ ہیں۔ دفتری امور کی انجام دہی کو اوپن آفس ہے۔ لیکن میں گوگل آفس استعمال کرتا ہوں۔ میڈیا پلئرز میں مجھے ہمیشہ شکایت رہی ہے۔ میرے خیال میں گنوم کا ٹوٹم ایک بالکل بے کار اور فضول ویڈیو پلئر ہے۔ ردہم باکس مجھے بہت پسند ہے۔ لیکن ٹوٹم کی جگہ میں وی ایل سی میڈیا پلئر استعمال کرتا ہوں۔
قصہ مختصر ابنٹو کا نیا نسخہ زیادہ صاف ستھرا اور تازہ ترین سوفٹویر سے لیس ہے۔ ابنٹو کو ڈیبیان یا دوسرے آپریٹنگ سسٹمز پر ایک یہ برتری بھی حاصل ہے کہ ابنٹو لنکس کی دنیا میں نوواردوں کے لئے زیادہ سہل ہے۔ اور اب تو وہ ریسٹریکٹڈ سوفٹویر بھی فراہم کررہے ہیں۔ حالانکہ اس پر اوپن سورس کمیونٹی میں کافی لے دے ہوچکی ہے، مگر حقیقت یہی ہے کہ اس سے ابنٹو استعمال میں اور بھی زیادہ سہل ہوگیا ہے۔ چونکہ میں زیادہ تر کام فائر فوکس پر ہی انجام دیتا ہوں تو گوگل براؤسر سائنک کی بدولت میرے لئے اس سے کوئی خاص فرق نہیں پڑتا کہ میں کمپیوٹر اسٹارٹ کرتے ہوئے کونسا آپرٹینگ سسٹم بوٹ کرتا ہوں۔ اسلئے امید ہے کہ میں ابنٹو زیادہ استعمال کرسکوں گا۔
Naumaan sahib, aap kee pichlee dhamkee kay baad main nain aap kay haan likhna band kar diyya tha lekan ab reha nahin giyya. saheeh jumla ‘main nay kara’ nahain balkay ‘main nay kiyya’ hai…urdu danoon kee islah karnay pay mazarat.
کس دھمکی کی بات کر رہے ہیں آپ؟ اصلاح کا بہت شکریہ۔ تاہم میں نے کبھی اردو دانی کا دعوی بھی نہیں کیا۔
میں بھی ابھی کچھ دن پہلے اپنے ڈیسکٹاپ کو اوبنٹو کی نئی ورژن اپگریڈ کی۔ مگر اپگریڈ کے بعد بہت غصہ آیا کہ میرا ویڈیو ڈرائیور غائب ہو گیا۔ اوبنٹو میں میرے نئے اینویڈیا کارڈ کا ڈرائیور نہیں ہے سو اینویڈیا کی سائٹ سے پچھلی ورژن پر انسٹال کیا تھا۔ اب وہ دوبارہ انسٹال کرنا پڑے گا۔
ونڈوز کی وائرس زدگی پر طیش میں آکر میں نے آفس پی سی پر بھی اوبنٹو انسٹال کر لیا ہے۔(لگتا ہے کل باس سے جھاڑ کھانی ہے) لیکن کمبخت پتہ نہیں کیوں ہینگ ہو رہا ہے۔ آج سوچ رہا ہوں کہ گسٹی پر اپگریڈ کردوں۔ کیوں نعمان میں نے تو پڑھا ہے کہ گسٹی میں بہت سارے بگز ہیں؟ لیکن زرا ہینگ ہونے کے مسئلے سے نکلوں تو اپگریڈ کروں۔ 🙁
زکریا اکثر صارفین کو ویڈیو کارڈز کے ڈرائیور کے حوالے سے شکایت رہی ہے۔ میرے ویڈیو کارڈ کا جو ڈرائیور ابنٹو فراہم کررہا ہے وہ کام نہیں کرتا۔
ساجد ہینگ ہونے کے مسئلے سے نکلے بغیر بھی آپ اپگریڈ کرسکتے ہیں۔
نعمان پہلے میں نے اپ ڈیٹ مینیجر سے اپ ڈیٹشروع کی۔ بیچ میں ہینگ۔۔۔۔دوبارہ ری سٹارٹ کرنے پر فائل مینیجر اور دوسری کئی چیزیں خراب۔ پھر گسٹی ڈاؤن لوڈ کرکے ٹرائی کیا اپ گریڈ پھر بھی حل ندارد۔ لگتا ہے سی ڈی آرز گڑبڑ ہیں۔ 🙁
کوئی سادہ حل نہیں جناب؟
جناب اسٹارٹ اپ میں ایکس سرور میں لاگ آن ہونے کے بجائے کنسول موڈ میں لاگ آن ہوں اور آپٹ کے ذریعے اپگریڈ کرنے کی کوشش کریں۔ ویسے اگر ڈیٹا کی حفاظت اور کسٹمائزیشن کا مسئلہ نہ ہو تو نئی انسٹالیشن کرلیں یہ آسان ہے اور اس سے وقت بچے گا۔
لگتا ہے میرا پچھلا تبصرہ کسی وجہ سے شاءع نہیں ہو پایا۔بہرحال نعمان غالبآ آپکی نظر سے میری یہ اپیل نہیں گزری:
http://www.urduweb.org/mehfil/showthread.php?t=9156
خیر آپکی مرضی۔ اور ہاں ڈیبین 4 انسٹال کر لی ہے اور خوب چل رہی ہے۔ اگر آپکو چاہیے تو اشارہ کیجیے گا۔
ڈیبیان کی کیا بات ہے جناب، اگر آپ اسٹیبل ریلیز استعمال کررہے ہیں تو یہ کافی حد تک بگ فری ہوگی۔ گٹسی میں تو بہت بگز ہیں۔
جی نعمان،
میرے پاس ڈیبیان کی ریلیز 4 یعنی ایچ ہے اور وہ بھی ملٹی آرک اور سٹیبل۔ مجھے بھی پسند آئی ڈیبین لیکن ذرا مشکل ہے بہ نسبت ابنٹو۔