پوٹرز کی قربانیاں، اور قربانیوں کی کہانیاں

میں آجکل ہیری پوٹر سیریز پڑھ رہا ہوں۔ ہیری پوٹر کی کہانی بے حد دلچسپ ہے۔ اس کی تعریف اور تنقید میں ہزاروں صفحات لکھے جا چکے ہیں۔ اس لئے میں آپ کو یہ بتا کر مزید بور نہیں کرونگا کہ مجھے یہ داستان کس قدر مسحورکن معلوم ہوتی ہے۔

دین دار حضرات کہتے ہیں کہ جب سے دنیا بنی ہے تب سے معرکہ حق و باطل جاری و ساری ہے۔ بدی کا ایک پیروکار، ایک گروہ، ایک ریلا آتا ہے تو کوئی نیکی کا نمائندہ، کوئی گروہ یا قبیلہ اس کے آگے بندھ باندھنے کو موجود ہوتا ہے۔ ہر دور میں یہ داستان رونما ہوئی ہے۔ ہر دور میں ان معرکوں پر کہانیاں گھڑی گئی ہیں، داستانیں سنائی گئی ہیں۔ ہیری کی کہانی بھی ایسے ہی ایک معرکے کی کہانی ہے۔ ان سب داستانوں میں چند عناصر بے حد عام ہوتے ہیں۔ جیسے برائی کا بہت طاقتور ہونا اور اس سے ہونے والے معرکے میں اچھائی کی جیت کا بہت کم امکان ہونا۔ ہماری داستانوں کے ہیروز کا معصوم ہونا، نیک ہونا، دردمند ہونا اور سب سے بڑھ کر یہ دوسروں کی فلاح کے لئے ان کا عظیم قربانیاں پیش کرنا۔ ہیری کی داستان میں بھی ایسا ہی ہے۔

برائی کی طاقت کا نمائندہ وولڈیمارٹ جادوگر ساری جادوئی دنیا اور انسانوں پر حکومت کرنا چاہتا ہے، وہ موت پر فتح پالینا چاہتا ہے۔ لیکن اس کی راہ میں اچھے جادوگر رکاوٹ بن جاتے ہیں۔ وہ اسے ان مذموم مقاصد میں کامیاب نہیں ہونے دیتے۔ ایسے ہی اچھے جادوگر ہیری کے والدین بھی ہوتے ہیں۔ وولڈیمارٹ جب ہیری اور اس کے ماں باپ کو مارنے آتا ہے تو اس کی ماں ہیری کو بچانے کے لئے اپنی جان دے دیتی ہے جس سے وولڈیمارٹ کا جادو الٹا پڑجاتا ہے اور اس کی طاقت ختم ہوجاتی ہے اور وہ بس ایک کمزور سایہ بن کر رہ جاتا ہے۔ اور پھر وقت آتا ہے کہ جب ہیری کو بھی قربانی دینا پڑتی ہے۔

یہ کہانی ہیری پوٹر کی ہی نہیں ہے۔ یہ کہانی پوری انسانیت کی ہے۔ حقائق ہوسکتا ہے اتنے ڈرامائی نہ ہوتے ہوں۔ لیکن انسانی تہذیب کا ارتقاء، ترقی اور پھیلاؤ میں کئی انسانوں کی بے لوث قربانیاں شامل ہیں۔ جان دینا ہی کوئی قربانی کی معراج نہیں، لیکن انسانوں نے عظیم مقاصد کے لئے بے خوف و خطر جانیں بھی دی ہیں۔ لوگ ان قربانیوں کی داستانیں ایک دوسرے کو سناتے ہیں۔ معصوموں کی موت پر سوگ مناتے ہیں اور ان کی عظیم قربانی پر تاقیامت ان کے شکر گزار رہتے ہیں۔

تبصرے:

  1. بہت اچھے نعمان۔ میرا خیال تھا آپ کب کے یہ ناولز پڑھ چکے ہونگے۔ میرے پاس تو پڑھنے کا ٹائم نہیں، اس سیریز کی موویز ڈاؤن لوڈ کرنے کے چکروں میں ہوں۔
    ویسے بیت اللہ محسود سے آپکو خاص اُنسیت ہے کیونکہ آپ نے مسحور کو محسور لکھ دیا ہے۔ 😛

  2. ساجد، پہلی دو کتابیں تو میں سالوں پہلے پڑھ چکا تھا۔ پھر ان دونوں کے اردو تراجم بھی پڑھے (آکسفورڈ کے شائع کردہ)۔ لیکن باقی کتابیں اسلئے نہ پڑھیں کہ اکٹھے کبھی آرام سے پڑھیں گے۔ لیکن بقول شاعر

    ہم پیار میں جلنے والوں کو
    چین کہاں، آرام کہاں

    میرے گھر میں سب ہیری پوٹر کی تمام فلمیں دیکھ چکے ہیں مگر میں نے ابھی تک ایک بھی پوری نہیں دیکھی کہ سب ساتھ ہی دیکھوں گا۔

    غلطی کی نشاندہی کے لئے شکریہ۔ میں یہ غلط املا پہلے بھی کئی جگہ استعمال کرچکا ہوں اگر آپ نے بتاتے تو شاید آئندہ بھی یوں ہی لکھتا۔ بہت بہت شکریہ۔

  3. واقعی یہ ناولز بہت دلچسپ اور سحر انگیز ہیں۔ میں نے شروع کے دو، تین ناولز پڑھے ہیں اور پہلی چار فلمیں دیکھی ہیں۔ ابھی پانچویں دیکھنے کا اتفاق نہیں ہوا لیکن جے۔کے رولنگ نے بہت کمال کا لکھا ہے۔

Comments are closed.