تین سال کی بے فکری ۔ ابنٹو کا نیا نسخہ

ابنٹو کا نیا نسخہ ابنٹو 8۔04 ہارڈی ہیرون جاری ہوگیا ہے۔ کل ہی اسے اتارا اور نصب کرا۔ بے چینی کا سبب یہ تھا کہ میں اس کا بیٹا نسخہ استعمال کرچکا تھا۔ اور درحقیقت ابنٹو ہارڈی ہیرون اب تک میں نے جتنے بھی لنکس ڈسٹری بیوشنز استعمال کی ہیں ان میں سب سے بہترین ہے۔ ابنٹو میرے تمام ہارڈویر کو بہت اچھی طرح استعمال کرتا ہے اور اس معاملے میں ونڈوز سے بھی سبقت لے جاتا ہے حالانکہ میرے کمپیوٹر کا تمام ہارڈویر ونڈوز کے لئے ہی تیار کیا گیا ہے لیکن اس کے باوجود ونڈوز ایکس پی میری چپ سیٹ کا بھرپور فائدہ نہیں اٹھاتا۔ جبکہ ابنٹو بائی ڈیفالٹ یہ سب استعمال کرتا ہے۔ میں بیٹا نسخے کے ریویو میں لکھ چکا ہوں کہ ابنٹو کا یہ نسخہ کم از کم میرے کمپیوٹر پر تو ویژول ایفکٹس بائی ڈیفالٹ بحال کردیتا ہے۔ اور یہ نئے ایفکٹس بے حد دل خوش کن ہیں۔

انسٹالیشن انتہائی سادہ اور اور برق رفتار تھی محض پندرہ منٹ میں نئے نسخے کی تنصیب مکمل ہوئی۔ انسٹالیشن کے بعد جب لاگ آن ہوا تو مسئلہ یہ درپیش آیا کہ ابنٹو کے اس تازہ اور بے حد بے چینی سے انتظار کئے گئے نسخے کی ریپوزیٹریز ڈاؤن تھیں۔ جس کی وجہ سرورز پر پڑنے والا بے تحاشا لوڈ تھا۔ اس لئے آج سویرے ریپوزیٹریز اپڈیٹ کریں، اردو سپورٹ نصب کی اور یہ رہا میں آپ کے سامنے۔

ابنٹو کے اس نئے نسخے میں فائر فوکس تین کا بیٹا نسخہ ڈیفالٹ براؤسر ہے۔ مجھے اس کا عادی ہونے میں تھوڑی دشواری ہورہی ہے۔ ایک اور مسئلہ نئے فائر فوکس میں گوگل براؤسر سائنک کا نصب کرنا ہے۔ سنا ہے اس کی کوئی جگاڑ موجود ہے جس سے میں فی الحال نا واقف ہوں۔ براؤسر سائنک پلگ ان میرے لئے یوں ضروری ہے کہ میں گھر پر اور کام پر اپنے براؤسر کی سیٹنگز کو ہم آہنگ رکھنا چاہتا ہوں۔ اس سے یہ فائدہ ہوتا ہے کہ میں دونوں جگہوں سے ایک ہی براؤسر ایک ہی سیٹنگز ، بک مارکس اور پاسورڈز وغیرہ کے ساتھ استعمال کرتا ہوں اور اس وقت کی بہت زیادہ بچت ہوجاتی ہے۔

ابنٹو کا یہ نیا نسخہ تقریبا ہر اس شخص کے لئے تجویز کیا جاتا ہے جو لنکس کو آزمانا چاہتا ہے۔ کام کی جگہوں کے لئے بھی یہ نسخہ بے حد کارآمد ہے کیونکہ یہ تین سال تک سپورٹڈ ہے۔ اگر آپ کسی ایسی آپریٹنگ سسٹم کی تلاش میں ہیں جو آپ کو وائرس سے بہتر بچاؤ دے، جہاں آپ کنفگریشن میں کم سے کم وقت صرف کریں اور کام پر زیادہ سے زیادہ دھیان دے سکیں، اگر آپ ایسا آپریٹنگ سسٹم چاہتے ہیں جہاں سب کچھ مفت ہو اور آپ کو کوئی بھی مسروقہ سوفٹویر استعمال نہ کرنا پڑے، اگر آپ بہتر کمپیوٹنگ صلاحیتیں سیکھنا چاہتے ہیں، اگر آپ ایک آپریٹنگ سسٹم کے ساتھ ایک برادری کے رکن بننا چاہتے ہیں جہاں سب ایک دوسرے کا خیال رکھتے ہیں اور ایک دوسرے کی مدد کرتے ہیں۔ تو بس آپ کی تلاش ختم ہوچکی ہے ابنٹو ہارڈی ہیرون ہی آپ کے تمام سوالات کا جواب ہے۔ آج نصب کریں اور تین سال تک نہ ریفارمٹ کریں، نہ وائرس اسکینر چلائیں، نہ اسپائی ویر اور ٹروجنز کی فکر کریں۔ بس مزے کریں۔

ابنٹو حاصل کرنے کا سب سے آسان نسخہ اسے ڈاؤنلوڈ کرنا ہے۔ تاہم اگر آپ انتظار کرسکتے ہیں تو شپ اٹ کے ذریعے مفت سی ڈیز بھی منگوا سکتے ہیں۔

تبصرے:

  1. بٹ ٹورینٹ استعمال کرو اللہ والیو۔ اس سے کمپنی کی بھی بچت ہوجائے گی اور آپ کی بھی۔

  2. میں نے بھی کل ہی اسے ڈاؤنلوڈ کیا اور شمالی امریکہ کے بجائے یورپ کے کسی مرر سے ڈاؤنلوڈ کیا تو بس 20 منٹ میں نئی نویلی سی ڈی ہاتھوں میں تھی۔۔ فیڈورا کو ٹاٹا کیا اور اب میں ہارڈی استعمال کر رہا ہوں ۔۔ براڈ کام کا وائرلیس کارڈ بھی درست چل رہا ہے اور کمپز فیوژن بھی ایسے ڈیسک ٹاپ افیکٹس دے رہے ہیں کے وسٹا کے چاہنے والے بھونچکے رہ گئے ۔۔

  3. اوبنٹو کا نیا نسخہ بہت مبارک ہو، ہم تو اب بھی سی ڈی کے منتظر ہیں، ڈاؤن لوڈ کرنا بس کی بات نہیں 🙁

  4. ابوشامل بھائی آپ تو کراچی میں ہی ہوتے ہیں مجھ سے آکر جتنی چاہے سی ڈی لے جائیں۔ لیکن میرے پاس چونسٹھ بٹ کی سی ڈی ہے۔ اگر چاہیں تو آپ کو دوسری سی ڈی بھی ڈاؤنلوڈ کرکے دے سکتا ہوں۔ مجھے ای میل کریں۔ یہ پیشکش دیگر کراچی والوں کے لئے بھی ہے۔

  5. تو بھائی جی! ہم ہیں نا کراچی والے۔۔۔ بہت شکریہ اس فراخدلانہ پیشکش کا۔ لیکن یہ 64 بٹ والی سی۔ڈی نہیں۔۔۔ دوسری والی درکار ہوگی۔ 🙂

  6. عمار میاں سی ڈی ڈاؤنلوڈ کررہا ہوں۔ آپ مجھے ای میل کریں کل اتوار کی شام مل لیتے ہیں۔ کیونکہ ابھی ڈھائی تین بجے ڈاؤنلوڈ شروع کرونگا تو سی ڈیز برن کرتے شام ہوجائے گی۔ بشرطیکہ لوڈشیڈنگ نہ ہو۔

  7. نعمان صاحب! نیکی اور پوچھ پوچھ، اوبنٹو سے زیادہ خوشی آپ سے ملاقات کر کے ہوگی۔ مجھے 32 بٹ کی ضرورت ہوگی، جو پہلی فرصت میں آپ سے ملاقات کے ذریعے حاصل ہوجائے گی۔

  8. آہ کاش میں بھی کراچی میں ہوتا۔ آج تین دن بعد انٹرنیٹ ٹھیک ہوا ہے 17 فیصد سے شروع کرتا ہوں اتارنا پھر سے۔

  9. میرے پاس اوبنٹو ڈاؤنلوڈ ہوگئی تھی۔ دو تین دن میں۔ آپ کو ای۔میل کرکے بتایا تھا، شاید پڑھنے سے رہ گئی ہو۔ ابوشامل سے آج بات ہوئی تو انہوں نے ذکر کیا کہ شاید آپ میرا انتظار کررہے ہیں۔ زحمت ہوئی ہو تو معذرت۔

  10. تو اب جب آپ ابنٹو آزما چکے ہیں کیا ہم ایک عدد ریویو کی امید رکھیں۔ مجھے بالکل کوئی زحمت نہیں ہوئی۔

  11. نعمان وہ امیج فائل سے اوبنٹو کے بارے میں لکھیے گا یا پھر ربط ہی دے دیں۔
    یہ Compiz Fusion ویڈیو کارڈ پر انحصار کرتا ہے کیا؟

  12. محب اللہ کا ایک بندہ ساجد اقبال آپ سے قریب تر ہے۔ لیکن یہ معلوم نہیں کہ ساجد کے پاس سی ڈی امیج ہے کہ نہیں۔ ویسے سات سو ایم بی کی چھوٹی سی امیج ہے آپ خود بھی آفس میں ڈاؤنلوڈ کرسکتے ہیں۔

  13. اسلام عليکم:

    انٹرنیٹ پر یوبنٹو می سافٹ ubuntume.com شايع هو چکا هے۔
    جس میں لینگس کا سافٹ وائر ۔ اوپن آفس اور اسکے علاوہ ذکار اذکار۔ تعلیماتی کیم وغیرہ بھی شامل ہیں۔ اگر اس سافٹ وائر کو نیٹ سے اپ ڈیٹ کیا جائے تو کافی اردو پشتو عربی فارس میں اسکی سافٹ وار اپڈیٹ ہوسکتی ہیں۔

  14. نټ پر اردو ميڼ اردو سليکس کے سافټ ډاون لود هوچکا هے اپ ان کو ډاون لوډ کر سکتے هيڼ۔

Comments are closed.