نئے سال کی رات کا تذکرہ

سی ویو نیو ائر نائٹ

سی ویو نیو ائر نائٹ

سی ویو نیو ائر نائٹ

نئے سال کی آمد پر میں دکان پر ہی تھا۔ بارہ بجنے میں تیس منٹ کم تھے کہ پٹاخے پھٹنا شروع ہوئے اور پھر بارہ بجے فائرنگ شروع ہوئی۔ ہماری دکان کے علاقے میں پچھلے سال کے مقابلے میں اس سال کافی کم فائرنگ ہوئی جو کہ خوش آئند بات ہے۔ میرے گھر کی طرف تو بہت ہی کم فائرنگ ہوئی ہاں پٹاخے بہت چلائے گئے۔ ایک بجے جب میں گھر پہنچا تب بھی پٹاخے پھوڑے جارہے تھے۔

میں نئے سال کی آمد پر سی ویو نہیں جاتا۔ آخری بار میں نئے سال پر سی ویو میلینئیم والے نیوائر پر گیا تھا۔ ہر سال ہزاروں نوجوان نیا سال منانے سی ویو جاتے ہیں وہاں آتش بازی کا مظاہرہ ہوتا ہے پٹاخے چلائے جاتے ہیں۔ پولیس کی بہت بھاری نفری کے باوجود اکا دکا لڑکے ہوائی فائرنگ بھی کردیتے ہیں۔ اس سال حکومت نے ایسا ظاہر کیا کہ نئے سال کی آمد پر سی ویو پر جشن نہیں منانے دیا جائے گا۔ مگر نوجوان تمام رکاوٹیں توڑ کر نو بجے سے ہی سی ویو پہنچنا شروع ہوگئے تھے۔ کڑاکے دار سردی میں ہزاروں لڑکے اور اکا دکا فیملیز بھی اپنی گاڑیوں موٹر سائیکلوں اور پیدل سی ویو پہنچے۔ پولیس نے کلفٹن، ڈیفنس اور بوٹ بیسن کے تمام ریستوران بند کروانے کی کوشش کی جو ناکام ہوگئی کیونکہ کافی سارے ریستوران کھلے ہوئے تھے۔ ہاں البتہ پٹرول پمپ بند کروادئیے گئے تھے۔

امن و امان کی صورتحال بہتر ہوتے ہی کراچی میں ریستورانوں اور فاسٹ فوڈ کا کاروبار بہت منافع بخش جارہا ہے۔ اپر مڈل اور مڈل کلاس میں نئے شامل ہونے والوں کی تعداد میں بہت اضافہ ہوا ہے جس سے ایک بڑی کنزیومر مارکیٹ ابھر کر سامنے آئی ہے۔ بینکوں کی طرف سے فوری قرضوں، انسٹالمنٹ پلانز، کریڈٹ کارڈز نے بھی لوگوں کی قوت خرید میں کافی اضافہ کیا ہے جس سے شہر کی معیشت مزید مستحکم ہورہی ہے۔

جہاں کراچی میں ہزاروں لوگ نئے سال کی خوشی میں کھا پی رہے تھے اور ہلا گلا کر رہے تھے تو دوسری طرف ایسے بھی لوگ تھے جنہیں یہ سب ہنگامہ بے تکا نظر آرہا تھا۔ غربت سے جلد از جلد مڈل کلاس تک پہنچنے کی تگ و دو میں یہ طبقہ اتنا فکرمند رہتا ہے کہ نیا سال یا کوئی تہوار انہیں خوش نہیں کرپاتا۔

تبصرے:

  1. تم نے یاد دہانی کا کہا تھا تو بتاؤ کہ کیا کیا ہے اب تک کالج میں داخلے کے لیے اور ورک آؤٹ شروع کیا یا نہیں؟

Comments are closed.