قریب المرگ کمپیوٹرز کی مسیحا لینکس

ہمارے گھر پر ایک بہت پرانا کمپیوٹر استعمال ہورہا تھا۔ چند دن پہلے اس کی میموری کا ایک حصہ انتقال کرگیا جس کے بعد اب اس کمپیوٹر کی میموری صرف ایک سو اٹھائیس ایم بی رہ گئی۔ اس میں انٹیل کا پنٹیم تھری پروسیسر ہے جو قریبا آٹھ سو میگا ہرٹز کی رفتار کا حامل ہوا کرتا تھا۔ مگر گرزتے وقت کے ساتھ ساتھ اب اس کی رفتار اسقدر مدہم ہوچکی ہے۔ اتنی کم ریسورسز میں اس پر ابنٹو یا ونڈوز ایکس پی کا چلنا بے حد دشوار تھا۔

آپ کو معلوم ہوگا چند روز قبل ڈیبیان نے اپنا نیا نسخہ لینی جاری کیا ہے۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ اس بار ڈیبیان نے اپنے کے ڈی ای، اور گنوم انسٹالیشن کے ساتھ ایک اور آپشن بھی رکھا ہے۔ وہ ہے ایل ایکس ڈی ای جو کہ مخفف ہے لائٹ ویٹ ایکس ڈیسکٹاپ انوائرنمنٹ کا۔ میں نے ایل ایکس ڈی ای کے بارے میں ویب پر پہلے ہی کچھ دلچسپ تبصرہ جات پڑھ رکھے تھے۔ یہ آپریٹنگ سسٹم خاص طور پر کمپیوٹرز کی اس نئی نسل کے نوٹ بکس کے لئے کارآمد ہے جو فوری طور پر آپ کو انٹرنیٹ سے جوڑنے کے کام آتے ہیں۔ جیسا کہ ای ای ای پی سی (جو کہ میرے فیوریٹ کمپیوٹر فروش گلیکسی کمپیوٹرز کے یہاں پچیس ہزار میں دستیاب ہے)۔ ایل ایکس ڈی ای بہت لائٹ ویٹ ہے اور اس کی سب سے خاص بات اس کی میموری بچانے کی خوبی ہے۔

ڈیبیان ایل ایکس ڈی ای ایک سنگل سی ڈی پر آسان گرافک انسٹالر کے ساتھ دستیاب ہے۔ ڈاونلوڈ صفحے پر جائیں اور ڈاؤنلوڈ کا طریقہ منتخب کریں میں ٹارنٹ کے ذریعے ڈاؤنلوڈ کرتا ہوں۔ اگلے اسٹیپ میں اپنا کمپیوٹر پلیٹ فارم منتخب کریں۔ یہاں آپ کو بتیس سی ڈی امیجز ڈاؤنلوڈ کے لئے دستیاب ہونگی۔ آپ کو صرف وہ سی ڈی ڈاؤنلوڈ کرنا ہے جس کے ساتھ ایل ایکس ڈی ای سی ڈی اول لکھا ہو۔

ڈیبیان نے لینی کے ساتھ اس بار یہ خوبصورت گرافک انسٹالر متعارف کرایا ہے جو کہ ایک سنگل سی ڈی کے ساتھ آپ کو فوری طور پر ایک مکمل آپریٹنگ سسٹم نصب کرکے دیتا ہے۔ سی ڈی ڈاؤنلوڈ کرنے کے بعد میں اسے اپنے پرانے کمپیوٹر میں لگایا اور ری بوٹ کرا۔ ڈیبیان کا گرافک انسٹالر ابنٹو کے انسٹالر کے مقابلے میں بہت تیز رفتار ہے۔ کیونکہ ڈیبیان ایک لائیو سسٹم آپ کے کمپیوٹر پر لوڈ کرنے کے بجائے براہ راست انسٹالیشن کے آپشن فراہم کرتا ہے۔ انسٹالیشن کے دوران آپ سے پوچھا جاتا ہے کہ آپ کونسا ڈیسکٹاپ ماحول نصب کرنا چاہتے ہیں۔ گرچہ مجھے یہ انسٹالر بہت آسان لگا، کیونکہ میں پہلے ڈیبیان نیٹ انسٹال کے ذریعے کمانڈ لائین انٹرفیس استعمال کرتے ہوئے کی بار انسٹال کرچکا ہوں۔ اس لئے میں ڈیبیان کے انسٹالر سے کافی واقف ہوں۔ لیکن ہوسکتا ہے ابنٹو یا ونڈوز استعمال کرنے والوں کو یہ اتنا آسان نہ لگے۔

انسٹالیشن کے بعد ایک خوبصورت ڈیسکٹاپ پر لاگ آن ہوا۔ اب ایل ایکس ڈی ای کی خوبیاں:

یہ واقعی میں بہت برق رفتار ہے۔ خصوصا تب جب آپ اپنے کمپیوٹر پر محض ویب براؤسنگ اور ڈیجیٹل میڈیا سے لطف اندوز ہونا چاہتے ہوں۔ ڈیفالٹ انسٹالیشن میں یہ آپ کو ویب براؤسر انسٹال کرکے نہیں دیتا۔ اور دلچسپ بات یہ ہے کہ اس میں پیکیج منیجمنٹ کے لئے بھی کوئی گرافک یوزر انٹرفیس والے ٹولز نہیں ہیں۔ سب سے پہلے ٹرمینل کھولا اور آپٹیٹیوڈ کے ذریعے سائنپٹک، ایپیپہینی ویب براؤسر، وی ایل سی میڈیا پلئر، پیڈجن، اور جاوا انسٹال کرے۔ ایپیپہینی ویب براؤسر اس لئے انسٹال کیا کہ فائر فاکس (ڈیبیان میں یہ آئس ویزل کہلاتا ہے) کمپیوٹر کو سست کردیتا، ایپیپہینی کے پیچھے فائر فوکس کا ہی انجن ہے مگر یہ بہت کم میموری کھاتا ہے۔ وی ایل سی میڈیا پلئر لائٹ ویٹ ہے اور تقریبا ہر میڈیا فائل پلے کرتا ہے۔

اب ہمارے گھر پر تین کمپیوٹرز کا ایک نیٹ ورک ہے۔ ان میں سے دو پر ڈیبیان ہے۔ ایک گنوم اور دوسرا ایل ایکس ڈی ای استعمال کرتا ہے۔ تیسرے پر ونڈوز ایکس پی ہے۔ اس کے علاوہ گنوم والے کمپیوٹر پر ہم ونڈوز وسٹا بھی استعمال کرتے ہیں۔ لیکن ایل ایکس ڈی ای اسوقت ہمارے گھر پر سب سے مقبول ڈیسکٹاپ ہے کیونکہ یہ نہ صرف تیز ہے بلکہ کافی خوبصورت بھی ہے۔

تبصرے:

  1. سر جی کافی کچھ سمجھ آیا لیکن کافی سے زیادہ سمجھ نہیں آیا
    اس ونڈوز نے ایسا ہی کر دیا ہے 🙁

  2. میں لینکس سیکھنا چاہتا ہوں، لیکن ہر بار انسٹالیشن میں پھنس جاتا ہوں، اور لوٹ کے بدو گھر کو آئے کی مصداق ونڈوز میں ٓآن دبکتا ہوں۔
    لینکس کیسے سیکھوں، یہ سارا جو آپ نے بیان کیا ہے، سر کے عین اوپر کوئی چار سو میل اوپر فضا سے گذر گیا۔

  3. پڑھائی کی باتیں ہیں اور میں دو جماعت پاس ہوں ۔ میں اس پر شرمندہ نہیں ہوا لیکن اس پر کہ میرے پاس پیٹیم 3 ہے جو دس بارہ سال پرانا ہے ۔ اس کے پروسیسر کی رفتار 533 میگا ہرٹس ہے اور ٹرانسفر بس کی رفتار 133 میگا ہرٹس ہے ۔ کئی بار عوام کے اصرار پر اسے الوداع کہنے کا سوچا ہے لیکن ابھی بھی دوڑ رہا شاید اسلئے کہ مجھ سے جدا نہیں ہونا چاہتا ۔

    لینکس میں نے بہت سال قبل اور پھر اس کی نئی قسم بھی استعمال کی تھی مگر کیا کروں ۔ میرے پچیس تیس سال قبل بنائے ہوئے پروگرام لینکس سے دوستی کرنے کو تیار نہیں جن کی دوستی میں ونڈوز سے کروا چکا ہوں

  4. ڈفر اور بنگش آپ کو اس پوسٹ کا زیادہ تر حصہ اس لئے سمجھ نہیں آیا کیونکہ آپ لینکس کے صارف نہیں۔ بنگش ابنٹو کے نئے نسخوں کی انسٹالیشن ونڈوز سے دس گنا زیادہ آسان ہے۔ ویب پر انتہائی محفوظ طریقے سے لینکس انسٹال کرنے کے بارے میں سینکڑوں صفحات موجود ہیں۔ اور ونڈوز کے صارفین کو آپ لینکس آزمانے کے لئے اسے انسٹال کرنے کی بھی ضرورت نہیں آپ ونڈوز میں ہی ابنٹو کی سی ڈی بطور ایک پروگرام انسٹال کرسکتے ہیں اور ابنٹو کو آزما کر دیکھ سکتے ہیں۔

  5. اسلام علیکم نعمان بھائی

    جناب یہ ایل ایکس ڈی ای کس طرح انسٹال ہو گی کوئی ویب سائٹ بتادیں اگر اس کے طریقہ لکھ دیتے تو اچھا ہو جات کم از کم میں انسٹال کر لیتا ۔
    ابنٹو تو کچھ سسٹم کو سلو کر دیتی ہے ۔
    آپ کے جواب کا انتظار رہے گا

    اکرام
    اسلام آباد

  6. اکرام اگر آپ ابنٹو آزما چکے ہیں تو ایل ایکس ڈی ای ابنٹو پر بھی آزمائی جاسکتی ہے۔ ابنٹو انسٹال کرنے کے بعد سائنپٹک پیکیج منیجر میں جاکر ایل ایکس ڈی ای انسٹال کرلیں اور ابنٹو پر لاگ آن کے دوران سیششن میں گنوم کے بجائے ایل ایکس ڈی ای منتخب کرلیں۔

  7. اسلام علیکم نعمان بھائی

    جناب ۱۲۸ ایم بی پی ۳ پر ابنٹو کیسے کروں ۔
    اس لے آپ سے کہا ہے انسٹال کرنے کا طریقہ بتادیں ۔
    نہیں تو کوئی سائٹ بتادیں جس میں انسٹال کرنے کا طریقہ لکھ ہو ۔
    ویسے بھی ابنٹو بہت سلو کر دیتی ہے سسٹم کو ۲۵۶ ریم پر بھی آپ کوئی مدد کردیے تو کام ہو جائے گا ۔
    امید ہے اپ جلد جواب دیے گے

    اکرام

  8. اکرام آپ کو ابنٹو انسٹال نہیں کرنا چاہئے اس کنفگریشن پر ابنٹو کے بجائے ایل ایکس ڈی ای زیادہ بہتر چلے گا۔ آپ چونکہ ابنٹو پہلے انسٹال کرچکے ہیں اسلئے بہتر ہے کہ آپ ابنٹو پر ہی ایل ایکس ڈی ای آزمائیں۔ اس کا طریقہ کار ایل ایکس ڈی ای کے ویب سائٹ پر درج ہے۔

  9. چچا جان جیسا کہ آپ نے ازشاد فرمایا کہ اسکو ایک پروگرام کے بطور انسٹال کر سکتے ہیں تو مجھے بتائیے کہ وہ پروگرام کہاں سے ڈاؤن لوڈ کروں اور کیسے انسٹال کروں اور اسکا وزن کتنے ایم بی ہے

  10. ایل ایکس ڈی ای دراصل پی سی مین فائل منیجر بنانے والوں کا حال ہی میں شروع کیا گیا ایک نیا پراجیکٹ ہے.. چونکہ میں نے پی سی مین فائل منیجر کا اردو ترجمہ کیا تھا اس لیے مجھے اس کے اردو ترجمہ کی دعوت دی گئی تھی جو قبول تو کر لی گئی تھی تاہم اس پر ابھی تک کام شروع نہیں کیا جاسکا.. ایک ایکس ڈی کی طرح ایکس ایف سی ای بھی ایک ہلکا پھلکا ڈیسک ٹاپ ماحول ہے جو بہت ساری ڈیسٹروز میں پہلے سے ہی نصب شدہ ہوتا ہے جیسے ایکس ابنٹو..

    خیر یہ لینکس کی ہی خوبی ہے کہ بے کار سے بے کار کمپیوٹر کو بھی کارآمد بنا دیتا ہے..

    بڑی مفید پوسٹ ہے.. میری نظر سے اب گزری..

  11. طفل آپ اس پروگرام کو ابنٹو ووبی انسٹالر برائے ونڈوز کے ویب سائٹ سے ڈاؤنلوڈ کرسکتے ہیں۔ جو پروگرام آپ ڈاؤنلوڈ کریں گے وہ محض انسٹالر ہے۔ ونڈوز پر اس انسٹالر کو رن کرنے پر یہ سات سو ایم بی کی مزید فائلز ڈاؤنلوڈ کرے گا۔ اس کے بعد انسٹالر ان فائلز کو آپ کو ونڈوز پی سی پر انسٹال کرے گا۔ کامیاب انسٹالیشن کے بعد آپ باآسانی بوٹ کے دوران ونڈوز یا ابنٹو میں سے کوئی آپریٹنگ سسٹم استعمال کرسکتے ہیں۔ اگر آپ کو ابنٹو پسند نہ آئے تو ونڈوز کے ایڈ ریموو پروگرامز میں جاکر ووبی ابنٹو کو ان انسٹال کرسکتے ہیں۔
    اس پروگرام کو رن کرنے سے آپ کے کمپیوٹر پر پہلے سے موجود ڈیٹا یا ونڈوز کے پارٹیشنز کو کوئی نقصان نہیں پہنچے گا۔

  12. مکی ایکس ایف سی ای میں ایکس بنٹو اور دیگر لینکس ڈسٹروز بہت زیادہ گنوم لائبریریز استعمال کرنے لگی ہیں جس سے اب یہ اتنا تیز نہیں رہا ہے۔ اور کافی حد تک گنوم جیسا ہی ہوتا جارہا ہے۔ لیکن ابھی بھی گنوم کے مقابلے میں کافی تیز ہے۔ مگر ایل ایکس ڈی ای کی تو جناب کیا بات ہے۔

  13. اس میں شک نہیں کہ ایکس ایل ڈی تیز رفتار ہے مگر شاید یہ بھی گنوم کی ہی لائبریریاں استعمال کرتا ہے..

  14. مکی ہاں مگر ایکس ایف سی ای کے برعکس یہ گنوم لائبریریز صرف گنوم اپلیکشنز انسٹال کرنے پر ہی استعمال کرتا ہے۔ یوں کھڑکیاں بنانے کمپیوٹر کے بوٹ اپ اور اپلیکیشنز کی لوڈنگ کا کام بہت تیز ہوجاتا ہے۔ ریسورسز کو زیادہ بہتر طریقے سے منیج کرنے میں ایکس ایف سی ای کافی پیچھے ہے اور ہر روز مزید سست ہوتا جارہا ہے۔

  15. نعمان بھائی، بلکہ اب تو آپ استاد ہو گئے ہیں میرے، چند سوالات کا جواب چاہیے، کہ
    جیسا کہ طفل کے سوالات کا جواب میں آپ نے کہا کہ سات سو ایم بی کا سواد لینے کے بعد ہم ابنٹو کا استعمال کر سکتے ہیں، تو کیا اس کے لیے جو لینکس کے لیے اکثر علیحدہ پارٹیشن کی ضرورت ہوتی ہے، وہ نہیں رہے گی، یا پھر میں یہ کہوں کہ اس کے ساتھ ساتھ، یہ واقعی میں لینکس ہی ہو گی یا ونڈوز کا زیلی کوئی پروگرام، جیسا کہ آپ نے کہا کہ اسے ان انسٹال بھی کر سکتے ہیں؟
    ایک چیز اور کہ کیا ہم ابنٹو کے مزے بالکل لینکس کی طرح لے سکیں گے، یعنی لینکس کے پروگرام انسٹال کر کے، مثلا اوپن آفس یا پھر ایم پلئیر وغیرہ

  16. عمر جی ہاں آپ بالکل لینکس ہی استعمال کررہے ہونگے اور اس کے لئے آپ کو کوئی پارٹیشن نہیں بنانا ہوگا۔ ووبی آپ کے ونڈوز پارٹیشن پر ہی ایک فائل بنادیتا ہے۔ اس فائل میں آپ کا مکمل لینکس آپریٹنگ سسٹم موجود ہوتا ہے۔ بوٹ اپ کے دوران آپ ونڈوز یا ابنٹو ووبی میں سے ایک کا انتخاب کرسکتے ہیں۔ اس میں ابنٹو کے ڈیفالٹ پروگرام موجود ہوتے ہیں اور آپ مزید پروگرام انسٹال کرسکتے ہیں اور اپنا کام اور سیٹنگز محفوظ بھی کرسکتے ہیں۔ اگر آپ ووبی ہٹانا چاہیں تو ونڈوز کے ایڈ ریموو پروگرام کے ذریعے ہٹا سکتے ہیں۔

  17. تو جناب، میں نے آپکے طفل صاحب کو جواب کے عین مطابق سات سو ایم بی والی فائلیں ڈاؤن لوڈ کر کے چلا دیں، اب ہوا یہ ہے کہ،
    ۱۔ لنکس کا وہ ایم ایس ڈاس (پتہ نہیں آپکی تکنیکی زبان میں کیا کہتے ہیں اسے) جیسا چلنا قرار پایا ہے، یعنی کوئی انوائرمنٹ یا ڈیسک ٹاپ لوڈ ہونے میں فیل ہے۔ ubiquityجیسے کسی مسئلے سے آگے وہی کالا کلوٹا ڈاس۔
    ۲۔ میرے سسٹم کا حال کچھ ایسے ہے،
    ۔۔۔ موبائل ایسر ایسپائر ۱۳۵۵ ایل ایم
    ۔۔۔ اے ایم ڈی ایتھلون XP-M 2600
    ۔۔۔ ۲۵۶ ایم بی ریم، جسے یہ ۱۹۰ ایم بی بتاتا ہے۔
    ۔۔۔ اور ۳۱۸ میگا ہرٹز پروسیسر
    ۔۔۔ ۴۰ جی بی ہارڈ ڈسک، جس میں سے ۱۰ جی بی C ڈرائیو اور ۳۰ جی بی D ڈرائیو پر مشتمل ہے، C ڈرائیو پر تقریباً 5.5 جی بی جگہ فارغ پڑی ہے۔
    اس سسٹم پر میرے بڑے بھائی صاحب اور میں ونڈوز اور لینکس سویسی چلانے کا مظاہرہ کر چکے ہیں۔
    تو اب جمع تفریق کر کے بتائیں، کہ یہ جو جادوئی لینکس ہے آپکی، اسے میں اس میں کیسے چلا سکتا ہوں۔
    تھوڑی تفصیل اور آسان ذبان میں بتائیں گے، تو اس کند ذہن کو تھوڑی آسانی رہے گی جی!

  18. عمر آپ مجھے ذرا اس فائل کا ویب لنک دیں جو آپ نے ڈاؤنلوڈ کی ہے۔ طفل کو میں نے ووبی انسٹالر کا لنک دیا تھا جو ایک ونڈوز پروگرام ہے جو آپ اپنے کمپیوٹر پر جب رن کرتے ہیں وہ ابنٹو لینکس آپ کے ونڈوز پارٹیشن پر ہی ڈاؤنلوڈ کرکے انسٹال کرتا ہے۔ کیا آپ نے ووبی انسٹالر چلایا تھا؟ انسٹالیشن ونڈوز ایکس پی پر چلتی ہے اور مکمل ہونے کے بعد آپ سے سسٹم ری بوٹ کرنے کی فرمائیش کی جاتی ہے ۔سسٹم ری بوٹ پر آپ ونڈوز یا ابنٹو میں سے ایک آپشن کا انتخاب کرسکتے ہیں۔ کیا آپ ونڈوز استعمال کرسکتے ہیں؟

  19. جی ہاں، وہ سب کر کے میں نے لینکس کو چلایا، یہ چل رہی ہے لیکن کوئی ڈیسکٹاپ پر نہیں بلکہ وہ ڈاس والی شکل میں۔ جو مینو یہ دیتا ہے، جس میں نارمل موڈ، اور دوسری آپشن ہیں، میں سے کوئی مجھے ڈیسکٹاپ یا گرافک ورژن میں نہیں لے جاتا بلکہ تان جا کر اسی نان گرافک ورژن میں ٹوٹتی ہے۔
    ہاں انسٹالر میں میں نے ابنٹو سلیکٹ کیا تھا، حالانکہ وہاں اور کئی آپشنز تھیں، اور دوسرا یہ کہ انسٹالر نے مجھے یہ بھی متنبہ کیا تھا کہ یہ صرف ۲۵۶ ایم بی کی ریم کو سپورٹ کرتا ہے، جبکہ میرے کمپیوٹر پر ۱۹۰ ایم بی نصب ہے۔ ۲۵۶ کی ریم ہے، مگر شاید یہ کارڈ میموری کے لیے بھی استعمال ہوتی ہے۔
    میں بالکل ونڈوز استعمال کر سکتا ہوں، اور یہ میں ونڈوز سے ہی مخاطب ہوں، دوسرا یہ کہ جیسا آپ نے کہا، وہ سب کچھ میں کر چکا ہوں، کامیابی ہوئی ہے، لیکن جزوی۔۔۔۔۔۔۔۔۔ ایک فائدہ یہ ضرور ہوا ہے کہ مجھے لینکس کی کمانڈز سیکھنے کا موقع تو مل ہی رہا ہے، انوائرمنٹ کی غیر موجودگی میں۔
    باقی نام اللہ کا ہی ہے!

  20. اور اگر اس سات سو والی فائل تو وہ میرے کمپیوٹر پر کسی مرر سے ڈاؤن لوڈ ہوئی تھی، میرا خیال ہے کہ،
    ox.ac.uk پر سے

  21. عمر مجھے آپ کا مسئلہ سمجھ نہیں آرہا ہے۔ بہتر ہوگا آپ مجھے ای میل کریں تو ہم زیادہ تیزی سے مسئلے کی ٹربل شوٹنگ کرسکتے ہیں۔ پہلے مجھے یہ دیکھنا ہوگا کہ آیا ابنٹو انسٹال ہوگئی ہے یا نہیں۔ اگر ابنٹو کامیابی سے انسٹال ہوگئی ہے تو پھر میں آپ کو چند کمانڈز بتاؤنگا جن کے ذریعے آپ ٹرمینل سے لاگ فائلز مجھے ای میل کرسکتے ہیں۔ ان لاگ فائلز سے پتہ چلے گا کہ آپ گرافک یوزر انٹرفیس میں لاگ آن کیوں نہیں ہو پارہے۔

  22. جی، ضرور ہم ای میل پر ضرور بہتر رابطہ کر سکتے ہیں۔ جی کمانڈز اگر ٓآپ میرے ایمیل ایڈریس پر بھیج دیں تو میں ٓآپ کو بجھوا دوں گا، صرف خیال رہے کہ میرا لینکس کا تجربہ صفر ہے۔
    ابنٹو میرے خیال میں ٓانسٹال ہو گئی ہے، صرف گرافک ورژن سے ناراض دکھائی دیتی ہے۔

  23. […] اور پیچیدگیوں سے خالی ڈیسک ٹاپ ہے جس کی نعمان پہلے ہی یہاں پر تعریف کر چکے […]

  24. ایک بات پوچھنی تھی وہ یہ کہ پینٹیم تھری میں لائو یو ایس سے بوٹ کیسے کرایا جائے
    اسکا طریقہ اگر بتا دیں تو نوازش ہوگی

Comments are closed.